جمشید کوارٹر تھانے میں پولیس اہلکار مبینہ تشدد کا نشانہ

November 18, 2018

کراچی میں جمشید کوارٹر تھانے کے ہیڈ محرر نے پولیس اہلکار کو مبینہ تشدد کا نشانہ بنا ڈالا، واقعہ کے خلاف پولیس اہلکاروں نے تھانے میں شدید احتجاج کیا۔

جمشید کوارٹر تھانے میں رزاق آباد ٹریننگ سینٹر سے آنے والے تقریباً300 پولیس اہلکاروں نے ہیڈ محرر بہادر کے خلاف مظاہرہ کیا۔

مظاہرین پولیس اہلکاروں کا کہنا تھا کہ وہ چپ تعزیئے کے جلوس کی سیکورٹی کے لئے بلائے گئے تھے، رات 10 بجے ڈیوٹی ختم کر کے اسلحہ تھانے میں جمع کرانے کے لئے آئے تو ہیڈ محرر بہادر نے فوری طور پر اسلحہ لینے سے انکار کردیا۔

مظاہرین کا مزید کہنا تھا کہ اسلحہ جمع کرانے پر زوردیا گیا تو ہیڈ محرر نے سول کپڑوں میں ملبوس ساتھی کے ساتھ مل کر رزاق آباد پولیس ٹریننگ سینٹر سے آئے پولیس اہلکار کو تشدد کا نشانہ بنایا اور اس کی وردی بھی پھاڑ دی۔

ایس پی، ایس ایچ او جمشید کوارٹر نے رابطہ کرنے پر بھی موقف نہ دیا تاہم بعد میں میڈیا پر خبر نشر ہونے پر آئی جی سندھ کلیم امام نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی ایسٹ سے رپورٹ طلب کرلی جبکہ ہیڈ محرر کے خلاف کارروائی کی یقین دہانی پر مظاہرین پر امن طور پر منتشر ہوگئے۔