بٹگرام، دوستی سے انکار پر نوجوان قتل، ملزمان آلہ قتل سمیت گرفتار

November 19, 2018

چارسدہ (نمائندہ جنگ)دوستی سے انکار پر 6 بہنوں کا اکلوتا بھائی قتل کرنے والے ملزمان آلہ قتل سمیت گرفتار، ملزمان کا میڈیا کے سامنے اقرار جرم ،پولیس نے مقتول علی شاہ کے سی ڈی آر سے جدید طریقوں سےتفتیش کرکے اندھے قتل کا سراغ لگایا۔ تفصیلات کے مطابق ڈی ایس پی محمد ریاض خان نے تھانہ بٹگرام میں 29اکتوبر کو اندھے قتل کیس کے ملزمان کو میڈیا کے سامنے پیش کرتے ہوئے کہا کہ ملزمان عادل شاہ ولد مہربان شاہ ساکن جمٹ ، صدام ولد عبدالقیوم ، منصور ولد مسافر ساکنان دولت پورہ نے بٹگرام سے تعلق رکھنے والے 17سالہ نوجوان علی شاہ کو دوستی سے انکار پر قتل کرکے نعش دریا کے کنارے پھینک دی تھی۔ ڈی ایس پی محمد ریاض خان نے اس حوالے سے کہا کہ واقعہ کے بعد پولیس نے مقتول کے والد مسرت شاہ کی رپورٹ پر مقدمہ درج کیا مگر مقتول کے والد نے کسی پر دعویداری نہیں کی ۔ پولیس کی تفتیشی ٹیم نے جدید سائنسی بنیادوں پر کام کر تے ہوئے مقتول علی شاہ کا سی ڈی آر حاصل کیا اور ایک ملزم عادل شاہ کو گرفتار کیا جس نے تفتیش کے دوران سارے حقائق سے پردہ اٹھایا جس کے بعد قتل کیس میں ملوث دو دیگر ملزمان کو بھی گرفتار کیا گیا۔ ملزمان عادل شاہ ولد عبدالقیوم ، صدام ولد عبدالقیوم اورمنصور ولد مسافر ساکنان دولت پورہ نے میڈیا کے سامنے اپنے گھنائونے جرم کا اعتراف کیا اور واقعہ پر سخت پشیمانی کا اظہار کیا۔