جمہوریت سب کی رائے کے احترام کا نام ہے،سردار بابک

November 19, 2018

پشاور(جنرل رپورٹر)سی آرایس ایس کے زیراہتمام اولسی تڑون کے نام سے دو روزہ تربیتی ورکشاپ اختتام پذیر ہوگئی، جس میں اے این پی کے صوبائی جنرل سیکرٹری اوررکن صوبائی اسمبلی سردار حسین بابک،ایس پی کینٹ محمد ریاض کے علاوہ پشاور کی سات یونیورسٹیوں کے طلباء و طالبات نے شرکت کی، پشاور یونیورسٹی کے جرنلزم ڈیپارٹمنٹ میں منعقدہ ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے ایم پی اے سردار حسین بابک نے کہاکہ جمہوریت اظہار رائے سے لیکر پالیسی سازی تک اکثریت کی رائے کے احترام کانام ہے، جب تک ہم ریاست کے مفادات کو مد نظر رکھ کر خود کو آئین و قانون کے تابع نہیں کریں گے اور بلا امتیاز احتساب شروع نہیں کریں گے ملک ترقی نہیں کرسکتا،ایس پی کینٹ محمد ریاض کا کہنا تھا کہ قانون کی حکمرانی کیلئے چار سال کے دوران خیبر پختونخوا پولیس کے سات ہزار نو سو افسران و اہلکاروں کو سزائیں دی گئیں جس میں تنزلی سے لیکر برطرفی تک کی سزائیں شامل ہیں۔ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے معروف ماہر تعلیم اور ماسٹر ٹرینر شگفتہ گل نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ تنگ نظری اور تشدد کی بجائے محبت ،رواداری اور قانون کی حکمرانی سے جینے کا طریقہ سیکھیں۔ جرنلزم ڈیپارٹمنٹ کے چیئرمین فیض اللہ جان ،سی آر ایس ایس کے مصطفی ملک اور شمس مومند نے بھی خطاب کیا۔ پروگرام کے آخر میں شرکاء میں سرٹیفکیٹ تقسیم کئے گئے۔