انسدادپولیومہم ، جعلی ڈیٹا فیڈ کئے جانے کا انکشاف،25پولیوورکر برطرف

November 20, 2018

پشاور(جنرل رپورٹر) ملک کے مختلف علاقوں میں انسداد پولیو مہم کے حوالے سے جعلی ڈیٹا فیڈ کرنے کا انکشاف ہوا ہے جس پرکارروائی کرتے ہوئے 25پولیو ورکرز کو برطرف کردیا گیاہے جن میں پشاورکے 14پولیو ورکرز بھی شامل ہیں ۔اپنے ایک پیغام میں نسداد پولیو کیلئے وزیراعظم کے فوکل پرسن بابر بن عطاء نے کہا ہے کہ سپروائزرز کی موجودگی میں پولیو مہم کے حوالے سے جعلی انٹریز کرنے کے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں حالانکہ سپروائزر زاور ڈسٹرکٹ مانیٹرز کو ایسےمسائل کی نشاندہی کرنی چاہیے ، جعلی انٹریز سےواضح ہوتا ہے کہ متعلقہ سٹاف کی جانب سے ڈیوٹی میں غفلت برتی گئی ہے ۔ اس ضمن میں نوٹیفیکیشن جاری کرکے اسلام آباد میں 11 ہیلتھ ورکرز کو فارغ کردیا گیا ہےجبکہ پشاور میں بھی ڈپٹی کمشنرپشاور کی جانب سےڈیٹامیں مبینہ طور پر ہیرپھیرکرنے پر 14ورکروں کو فارغ کردیا گیا ہے۔ اپنے پیغام میں کوآرڈی نیٹر بابربن عطاء نے مزید کہا کہ غفلت برتنے پرعملے کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی ،قوم کے بچوں کے مستقبل سے کھیلنے والوں کوکسی صورت نہیں چھوڑا جائے گا ، واضح رہے کہ ماضی میں خیبرپختونخوا میں بعض پولیو ورکروں کی جانب سے بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلائے بغیران کے انگوٹھوں پر جعلی مارکنگ کے کیسزکی شکایات سامنے آئی تھیں جس کا حکام نے سخت نوٹس لیاتھا۔