ڈیم فنڈ کیلئے خصوصی ٹیلی تھون ٹرانسمیشن جمعہ کو’’جیونیوز یوکے‘‘ پر ہوگی

November 20, 2018

لندن (محمد ناصر) پاکستان سے پانی کی قلت کو دور کرنے کیلئے ’’ڈیم بنائو ۔ پاکستان بچائو‘‘ کے نام سے ایک مہم زور وشورسے جاری ہے۔ اس مہم کو مزید فروغ دینے کیلئے پاکستان کا سب سے بڑا نیوز چینل ’’جیو نیوز‘‘ وطن سے دور رہنے والے تمام پاکستانیوں کو اپنے وطن کی خدمت اور محبت کے اظہار کا سنہری موقع دے رہا ہے۔ چیف جسٹس اور وزیراعظم پاکستان کے قائم کردہ ڈیم فنڈ کیلئے جیو نیوز یوکے ایک بڑی اور براہ راست ٹیلی تھون ٹرانسمیشن ’’ڈیم اپیل پاکستان‘‘ کے عنوان سے پیش کرے گا۔ دیامیر بھاشا ڈیم کی تعمیر کیلئے جمع کئے جانے والے فنڈز کیلئے یہ خصوصی ٹیلی تھون مانچسٹر سے براہ راست نشر کی جائے گی۔ ٹرانسمیشن کا آغاز جمعہ 23؍نومبر کو1900GMT اور 1400ET سے ہوگا۔ واضح رہے کہ جنگ اور جیو گروپ چیف جسٹس اور وزیراعظم کے ڈیم فنڈ کیلئے 4 گھنٹے کا پرائم ٹائم (ٹیلی تھون) اور اس عظیم مقصد کیلئے پروموشن اور اشتہارات کی مد میں جو 63 ہزار پائونڈ کی رقم بنتی ہے، خرچ کرے گا، جو ڈیم فنڈ کیلئے عطیہ ہوگی جبکہ 4 گھنٹے کا پرائم کونٹینٹ ہٹا کر اس ٹیلی تھون کا اہتمام کیا گیا ہے۔ جیو نیوز یوکے کے ناظرین Geo news sky723 پر اس نشریات میں شامل ہوسکتے ہیں۔ سینئر صحافی، تجزیہ کار اور اینکر حامد میر پروگرام کی میزبانی کے فرائض انجام دیں گے جبکہ وزیراعظم عمران خان کا خصوصی پیغام بھی اس ٹیلی تھون ٹرانسمیشن میں شامل کیا جائے گا۔ پاکستان کے چیف جسٹس مسٹر جسٹس ثاقب نثارمہمان خصوصی، عالمی سطح پر مقبول باکسر عامر خان، گلوکار یاسر اختر، نوشین خان، انیل مسرت، نعیم بخاری اور دیگر مشہور شخصیات بطور مہمان اس نشریات کا حصہ بنیں گی اور ڈیم فنڈ کیلئے عطیات جمع کریں گی۔