معافی مانگنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، تحریک لبیک

November 20, 2018

کراچی (نیوز ڈیسک) تحریک لبیک پاکستان نے وفاقی وزیر مذہبی امور نور الحق قادری کا بیان مسترد کردیا ہے کہ تحریک لبیک کے قائدین نے معافی مانگ لی ہے ۔ پیر اعجاز اشرفی نے کہا ہے کہ جو لوگ آسیہ کو رہا کرنے کے جرم کے ذمہ دار ہیں ان سے معافی مانگنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ علامہ خادم حسین رضوی اور پیر محمد افضل قادری و دیگر ذمہ داران ختم نبوت اور عزت و ناموس کے پہرے دار ہیں اور اس کی حفاظت کے لئے ہم اپنے اسلاف کے نقشے قدم پر چلتے ہوئے بڑی سے بڑی قربانی دینے کے لئے تیار ہیں۔قبل ازیں وفاقی وزیر مذہبی امور نور الحق قادری نے کہا تھا کہ تحریک لبیک کے پیر افضل قادری کی تقریر پر حکومت نے ان کی معذرت قبول کرلی ۔ وفاقی وزیر مذہبی امور نے مزید کہا کہ سپریم کورٹ اس معاملے پر کیا کرتی ہے یہ ان کاکام ہے۔کسی پرتوہین عدالت کا کیس بھی ہو تو وہ عدالت آکر معذرت کر لے تو بات ختم ہو جاتی ہے۔انہوں نے کہا کہ جس کسی کی بھی دل آزاری ہوئی ہے تحریک لبیک کی طرف سے معذرت کرلی گئی، حکومت اپنی حد تک کمٹمنٹ پر قائم ہے اور اسے پورا کریگی۔