اوتھل: کراچی جانے والی کوچ الٹنے سے 3؍مسافر جاں بحق،13؍زخمی

November 20, 2018

حب (نمائندہ جنگ ) کوئٹہ سے کراچی جانے والی تیز رفتار مسافر کوچ بریک فیل ہونے سے اوتھل میں الٹ گئی ، کوچ میں سوار ایک خاتون سمیت تین مسافر جاں بحق ، 13 زخمی ہوگئے ۔ تمام زخمیوں کو فوری طور پر اوتھل کے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال منتقل کیا گیا ۔ تفصیلات کے مطابق کوئٹہ سے کراچی جانے والی ایک ایئر کنڈیشن مسافر کوچ گزشتہ صبح اذان فجر کے وقت جب اوتھل میں لسبیلہ یونیورسٹی کے قریب پہنچی تو اس کے بریک فیل ہوگئے اور مسافر کوچ ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو کر آر سی ڈی ہائی وے پر الٹ گئی۔ ایدھی ٹرسٹ بلوچستان کے انچارج ڈاکٹر عبدالحکیم لاسی نے میڈیا کے نمائندوں کو بتایا کہ اس مسافر کوچ کے الٹنے سے کوچ میں سوار ایک خاتون سمیت تین افراد موقع ہی پر جاں بحق ہوگئے جبکہ تیرہ مسافر زخمی بھی ہوئے جنہیں فوری طور پر ایدھی ایمبول ینسوں کے ذریعے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال اوتھل پہنچا دیا گیا جہاں تمام زخمیوں کو فوری طور پر طبی امداد فراہم کی گئی۔