یورپ میں دین اسلام کوزندہ رکھنے کیلئے اسوہ حسنہ پر عمل کرنا ہوگا، علامہ غلام ربانی افغانی

November 21, 2018

برسلز (عظیم ڈار) جامعہ مسجدالعابدین برسلز میں عید میلادالنبیﷺ مذہبی جوش و جذبے سے منعقد ہوئی۔ کانفرنس کی صدارت مسجد ہذا کے امام وخطیب حضرت مولانا خافظ و قاری محمد انصر نورانی نے کی۔ پروگرام میں برطانیہ سے مفکر اسلام حضرت علامہ مولانا غلام ربانی افغانی نے مہمان خصوصی کے طور پر شرکت کرتے کی۔ انہوں نے اپنے خطاب میں رسول اللہ ﷺ کی ولادت کو باعث تخلیق کائنات قرار دیتے ہوئے۔ آپ ﷺ کی تعلیمات کو دنیا وآخرت کی کامیابی کا ممبہ قرار دیا اور کہا کہ رسول اللہ ﷺ کی محبت کے بغیر ایمان مکمل نہیں ہوسکتا۔ جہاں روشنی ہو وہاں اندھیرا نہیں رہتا۔ میلاد کے عنوان سے محافل میں حضور نبی کریم ﷺ کی محبت پیار اور عشق کی باتیں ہوتی ہیں۔ جس سے دل و دماغ ایمانی جذبہ سے سرشار ہوتے ہیں انھوں نے نوجوان نسل کو میلادالنبی ﷺ کے موقع پر مبارکباد دی اور کہا کہ ہمیں یورپ میں دینی اقدار کو زندہ رکھنے کے لیے رسول کریم ﷺ کے اسوہ حسنہ پر عمل پیرا ہونے کی ضرورت ہے۔ انھوں نے مسجد العابدین کی انتظامیہ کو میلاد کانفرنس منعقد کرنے پر بھرپور انداز میں سراہا۔ مسجد نورالحرم اینٹورپن بلجیم کے امام و خطیب مولانا مفتی عبداللطیف چشتی اور حضرت مولانا پیر سید حسنات احمد بخاری امام و خطیب جامعہ مسجد مدینتہ الرسول برسلز اور مولانا عدنان امام و خطیب مسجد جامعہ اسلامیہ برسلز نے نبی اکرم نور مجسم ﷺ کی زندگی کو انسانیت کے لیے مشعل راہ قرار دیا اور کہا کہ اسلام کی حفاظت خود اللہ تعالی نے اپنے ذمہ لی ہوئی ہے۔ ہمارے لیے ضروری ہے کہ ہم رسول اللہﷺ کی تعلیمات کو اپنی فانی زندگی میں کامیاب ہونے کے لیے مکمل طور پر اپنائیں۔ تقریب میں شریک ثنا خوانان محمد طاہر۔ حاجی عبدالرشید۔ حاجی رفیق حاجی فیصل اور ننھے نعت خواں سعد مدنی نے محمد مصطفیٰﷺ کے حضور گلہائے عقیدت پیش کیے۔ پاکستانی نژاد ممبر برسلز پارلیمنٹ ڈاکٹر منظور ظہور برسلز سینٹر کے کونسلر محمد ناصر ورلڈ اسلامک مشن بلجیم کے صدر حاجی قمر زمان آف سیکرآلی نے خصوصی شرکت کی، کمیونٹی کے مقامی سیاسی و سماجی رہنماوٗں ٹھیکیدار منظور حسین، مہر ارشد آصی، حاجی بشیر،خورشیداحمد، عتیق الرحمان حجازی، عبدالحفیظ چشتی، حاجی مقبول، محمد افتخار عرف پا بلو، ماما اخلاق، مزمل مان اور اختر سیالوی نمایاں تھے اس روحانی محفل کا آغاز تلاوت کلام پاک کے ساتھ حضرت مولانا عبدالواجد نے کیا۔ محمد سلیمان اور عبداللہ مدنی نے بھی تلاوت کلام پاک کی سعادت حاصل کی۔منتظم اعلی امام و خطیب مسجد العابدین برسلز علامہ مولانا محمد انصر نورانی نے علمائے کرام اور شرکائے محفل کا شکریہ ادا کرتے ہوئے میلادالنبی ﷺ کے جلسہ کی اہمیت اور فضیلت پر تفصیل سے روشنی ڈالی اور کہا کہ ان روحانی تقریبات سے نہ صرف ہمارا ایمان تازہ ہوتا ہے بلکہ ہماری نوجوان نسل کو بھی اسلام کی تعلیمات سمجھنے کے مواقع میسر ہوتے ہیں۔ پروگرام کے اختتام پر مہمانوں کی تواضع پرتکلف طعام اور مشروبات سے کی گئی۔ نعرہ تکبیر اللہ اکبر کے فلک شگاف نعروں سے فضا گونجتی رہی۔