سوتیلے بھائی نے جعلی نکاح نامہ کیوں بنوایا؟

November 22, 2018

نوشہرہ میں سوتیلے بھائی نے بہن کی شادی مبینہ طور پر مرضی کے خلاف کرنے پر اسے کراچی منتقل کردیا اور مبینہ طور پر اس کے ساتھ شادی کا جعلی نکاح نامہ بنا لیا۔

گھر والو ں نے اغواء کا مقدمہ درج کرایا تو دونوں سوتیلے بہن بھائی صفائی پیش کرنے واپس نوشہرہ پہنچ گئے ۔

ڈی پی او نوشہرہ منصور امان کا کہنا ہے کہ 7روز قبل رسالپور کوتر پانڑ کی رہائشی خاتون نے مقدمہ درج کرایا کہ اس کے سوتیلے بیٹے ثاقب نے اپنے ساتھی وحید کے ساتھ مل کر اس کی بیٹی کو اغوا کرلیا ہے۔

ایف آئی آر درج ہونے کی اطلاع پر ثاقب اپنی سوتیلی بہن سمیت نوشہرہ پہنچ گیا اور ایڈیشنل ڈسٹر کٹ جج کی عدالت سے ضمانت از قبل گرفتاری حاصل کی اور خود کو نوشہرہ پولیس کے حوالے کردیا۔

پولیس نے دونوں کو جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا جہاں بیا ن دیتے ہوئے لڑکی نے کہا کہ والدین اس کی مرضی کے بغیر شادی کرنا چاہتے تھے جس پر وہ بھائی کے ساتھ مرضی سے کراچی گئی جہاں پولیس کے خوف اور اپنے تحفظ کے لیے جعلی نکاح نامہ بناوایا۔

ڈی پی او کے مطابق عدالت کے حکم پرلڑکی کا طبی معائنہ کرایا گیا اور مزید جانچ پڑتال کے لیے نمونے فرانزک لیبارٹری بھجواکر لڑکی کو دارالامان مردان بھیج دیا گیا ہے۔

ملزم ثاقب نے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ جج کی عدالت سے حفاظتی ضمانت حاصل کرلی ہے۔