اردو کانفرنس علم وادب سےمحبت کرنےوالوں کا گہوارہ بنی رہی

November 25, 2018

کراچی آرٹس کونسل میں چار روزہ اردو کانفرنس پوری رعنائیوں کیساتھ جاری رہنے کے بعد اختتام پذیر ہورہی ہے کانفرنس میں اردو زبان سے محبت کرنے والوں کے لیے بہت کچھ تھا۔

گیارہویں اردو کانفرنس میں اردو کی ترویج کیساتھ معلوماتی ،ادبی سیشن بھی ہوئے اورطنزو مزاح کا دور بھی رہا جبکہ موسیقی اور رقص کی محفل نے لوگوں کے دل موہ لیے ۔

آرٹس کونسل کراچی میں گیارہویں اردو کانفرنس پوری آب وتاب سے جاری رہی ،علم وادب سے پیار کرنے کرنے والوں نے کانفرنس سے بھر پور استفادہ کیا ۔

بچوں کے ادب کے حوالے سے بھی کانفرنس میں ایک خصوصی نشست ہوئی جس میں بچوں کے لیے کہانیاں لکھنے والے مختلف ادیبوں نے بھی شرکت کی ۔

عالمی اردو کانفرنس میں پاکستان، بھارت متحدہ عرب امارات اور دیگر ممالک کے مندوبین کی بڑی تعداد نے شرکت کی ، جبکہ کانفرنس میں اردو شاعری، ادب، تھیٹر، فلم، ڈرامہ، رقص پر نشستیں بھی ہوئیں ۔

اردو کانفرنس میں عالمی مشاعرہ بھی ہوا جس میں ملک کے مایہ ناز شعرا ئےکرام نے شرکت کی۔

جون ایلیا پر خصوصی سیشن ہوا جس میں جون کی زندگی پر ایک دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی۔

مشاعرے میں ملک کے نامور شعراء نے اپنا کلام سناکر شرکاء سے خوب داد سمیٹی ۔

کانفرنس میں اردو سائبر اسپیس سے متعلق کانفرنس میں سیر حاصل گفتگو کی گئی اس کے علاوہ کانفرنس میں تعلیم کی اہمیت سمیت کئی ادیبوں اور شاعروں کی زندگی پر بھی روشنی ڈالی گئی۔

چار روزہ اردو کانفرنس میں معیاری تعلیم سب کے لئے، تراجم اور دنیا سے رابطہ،یادگار رفتگاں، پاکستانی فلم ،ماضی حال مستقبل سمیت دیگر موضوعات کو بھی زیربحث لایا گیا۔

دنیا کے کئی ممالک سے فلسفی، محققین، ادیب،شاعروں اور فنکاروں نے اس کانفرنس میں شرکت کرکے علم وادب کی اس محفل کو چار چاند لگا دیئے۔