’’ملک میں جلد بھاری سرمایہ کاری آئے گی‘‘

December 04, 2018

وزیر خزانہ اسد عمر کہتے ہیں کہ کسی قسم کی ہیجانی کیفیت نہیں، ملک میں جلد بھاری سرمایہ کاری آئے گی، پاکستان میں برآمدات بڑھ رہی ہیں اور خسارے کم ہو رہے ہیں۔

اسلام آباد میں منعقدہ گیارہویں جنوبی ایشیاء اقتصادی سمٹ سے وزیر خزانہ اسد عمر نے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ دو ریاستوں کے درمیان کشیدگی اور سیاسی تنازعات ختم کرنے کے لیے الگ سوچنا ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ معیشت کے تمام اشارے بہتری کی طرف گامزن ہیں، معاشی صورت حال سے متعلق غلط فہمیاں پھیلانے سے گریز کیا جائے ۔

وزیر خزانہ نے مزید کہا کہ ڈالر کی قیمت کا حتمی فیصلہ اسٹیٹ بینک کرتا ہے، ضرورت پڑی تو اسٹیٹ بینک کاطریقہ کار مضبوط کیا جا ئے گا۔

اسد عمرنے یہ بھی کہا کہ اسٹیٹ بینک اور وزارت خزانہ کے درمیان رابطے کا میکنزم بنایا جا رہا ہے، گورنر اسٹیٹ بینک، وزارت خزانہ کو کوئی میکنزم پیش کریں،اسٹیٹ بینک کی غیر جانبداری پر یقین رکھتے ہیں۔