کونسل پر زیادتی کا نشانہ بننے والی 13سالہ لڑکی کی کوئی مدد نہ کرنےکا الزام

December 08, 2018

لندن( پی اے)ہڈرزفیلڈ میں عصمت دری اور زیادتی کانشانہ بننے والی 13سالہ لڑکی کی کونسل نے کوئی مدد نہیں کی، اکتوبر میں کم وبیش 15کمسن لڑکیوں کی گرومنگ کرنےاور انھیں زیادتی کانشانہ بنانے والے20 افراد کے مقدمات کی سماعت کے دوران ایک خاتون نے گواہی دیتے ہوئے یہ بات بتائی ،عدالت سے گزشتہ روزسزا سنائی گئی ،عدالت نے اس گروہ کے سرغنہ کو عمر قید جبکہ گروہ کے دیگر ارکان کو 5سے18سال قید کی سزائیں سنائی گئیں،زیادتی کانشانہ بننے والی 13سالہ لڑکی کی والدہ نے عدالت کوبتایا کہ کرک لیس کونسل نے مدد اور کونسلنگ کا وعدہ کیا تھا لیکن ان کی بیٹی کی نہ کوئی مد د کی گئی اور نہ ہی کونسلنگ ،جبکہ کونسل کاکہناہے کہ وہ متاثرہ لڑکی کی مناسب مددکیلئے اس سے رابطہ کریں گے،استغاثہ کے مطابق ملزمان لڑکیوں کو شراب اور منشیات کاعادی بنا کرپھر ان کو مرضی کے مطابق استعمال کرتے تھے ملزمان لڑکیوں کے ساتھ زیادتی کایہ کھیل 2004سے2011 تک کھیلتے رہےمتاثرہ لڑکی کی والدہ نے بتایا کہ ویسٹ یارک شائر پولیس اور کونسل دونوں نے انھیں یقین دہانی کرائی تھی کہ ان کی کونسلنگ کے انتظامات کئے جائیں گے لیکن عملاً ایسا کچھ نہیں کیاگیا۔انھوںنے کہا کہ گواہی دینے کے بعد سے ان کی بیٹی ایک قدم پیچھے چلی گئی ہے،یہ انتہائی خوفناک بات ہے کیونکہ اس نے پورے ماضی کوکھول کررکھ دیا ،انھوں نے کہا کہ اب ان کی بیٹی تنہا گھر سے نکلنے سے گریز کرتی ہے کچھ دنوں تک وہ مناسب لباس بھی زیب تن نہیں کررہی تھی۔اس لئے یہ بہ ضروری ہے کہ اس گینگ کاشکار بننے والی لڑکیوں کی مناسب مدد اورکونسلنگ کیاجانا بہت ضروری ہے۔