شکر ہے ’’رینٹ اے ‘‘گورنمنٹ کا سلسلہ ختم ہورہا ہے، حسن نثار

December 10, 2018

کراچی(ٹی وی رپورٹ) سینئر تجزیہ کار حسن نثار نے کہا ہے کہ شکر ہے کہ ہمارا رینٹ اے گورنمنٹ کا سلسلہ ختم ہونے کی طرف جارہا ہے،نواز شریف کہتے ہیں وہ نیب کو بھگت چکے تو کہیں یہ کسی این آر او کی طرف اشارہ تو نہیں ؟آصف زرداری کے اینٹ سے اینٹ بجانے کے تخریبی رویے کے مقابلہ میں فوج کا اینٹ پر اینٹ رکھنے کا تعمیری رویہ بہت مثبت ہے، نوجوت سنگھ سدھو کو ہندوستان میں قتل کی دھمکیاں غنڈوں والا رویہ ہے۔ان خیالات کا اظہار معروف دانشور و تجزیہ کار حسن نثار نے جیونیوز کے پروگرام ”میرے مطابق“میں میزبان شجعیہ نیازی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم عمران خان کے بیان ’پاکستان اب کرائے کی بندوق نہیں بنے گا‘پر تبصرہ کرتے ہوئے حسن نثار نے کہا کہ شکر ہے کہ ہمارا رینٹ اے گورنمنٹ کا سلسلہ ختم ہونے کی طرف جارہا ہے،ہمارے پرانے حکمران خوف نہیں بلکہ اپنے ذاتی مفادات کی وجہ سے امریکا کو مکھن لگاتے تھے،نواز شریف کے بیان ’نیب ایسے ہی رہنا چاہئے، ہم بھگت چکے، باقی بھی بھگتیں‘ پر تبصرہ کرتے ہوئے حسن نثار نے کہا کہ کوئی شخص سوچتا ہے اس کے ساتھ برا ہوا ہے تو دوسرے کے ساتھ بھی ایسا ہی ہو ، وہ اس طرح کی بات کررہے ہیں، ہماری نظر میں تو نواز شریف ابھی بھگت رہے ہیں، اگر نواز شریف کہتے ہیں وہ بھگت چکے ہیں تو کہیں یہ کسی این آر او کی طرف اشارہ تو نہیں ہے۔