26ممالک سےاثاثوں کی معلومات کے تبادلے پرحقیقت سامنے آگئی

December 10, 2018

پیپلز پارٹی کے رہنما فرحت اللہ بابر نے کہا ہے کہ چھبیس ممالک سے اثاثوں کی معلومات کے تبادلے پرحقیقت آخر سامنے آ گئی، ان ممالک سے اثاثوں کی معلومات کے تبادلوں کےمعاہدے پر اسحاق ڈار نے دستخط کیے تھے، پی ٹی آئی کی حکومت نے نہیں، عمران خان غلط بیانی کرکے اس معاہدے کا کریڈٹ حاصل کر رہے ہیں ،عمران خان کا جھوٹ بے نقاب ہو گیا، عزت نفس کا تقاضا ہے کہ اس معاملے پر معافی مانگی جائے۔

پیپلزپارٹی کے رہنما فرحت اللہ بابر نے سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ چھبیس ممالک سے اثاثوں کی معلومات کے تبادلے کی حقیقت آخر سامنے آگئی، ان ممالک سے اثاثوں کی معلومات کے تبادلوں کے معاہدے پر دستخط اسحاق ڈار نے کیے تھے پی ٹی آئی کی حکومت نے نہیں۔

فرحت اللہ بابر نے کہا کہ عمران خان غلط بیانی کرکے اس معاہدے کا کریڈٹ حاصل کر رہے ہیں، عمران خان اسے مخالفین کو بدنام کرنے کے لیے استعمال کر رہے ہیں، عمران خان کا جھوٹ بے نقاب ہوچکا ہے، عزت نفس کا تقاضا ہے کہ اس معاملے پر معافی مانگی جائے۔

دی نیوز کے ایڈیٹر انوسیٹی گیشن انصار عباسی نے اپنی رپورٹ میں انکشاف کیا تھا کہ پاکستانیوں کی جانب سے بیرون ممالک چھپائے جانے والے اربوں ڈالرز وطن واپس لانے کے لیے پی ٹی آئی کی حکومت نے تاحال کسی بھی غیر ملکی حکومت کے ساتھ معلومات کے تبادلے کے حوالے سے کوئی نیا معاہدہ نہیں کیا۔

ایک معاملے میں ایک عالمی معاہدہ جس کا نام ’’ٹیکس امور کے لیے کثیرالفریقی معاہدہ برائے باہمی انتظامی معاونت‘‘ ہے، میں معاشی تعاون اور ترقی کی تنظیم (او ای سی ڈی) کا مقصد ٹیکس سے بچنے کے بڑھتے ہوئے واقعات کو روکنا تھا اور یہ معاہدہ رواں سال ستمبر سے نافذ العمل ہوچکا ہے یعنی پی ٹی آئی کی حکومت کے برسر اقتدار آنے کے چند روز بعد۔

معاہدے میں شامل رکن ممالک کی تعداد 100 ہے جبکہ اس پر پاکستان کی طرف سے 14 ستمبر 2016 کو اس وقت کے وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے او ای سی ڈی کے فرانسیسی دارالحکومت پیرس میں قائم ہیڈکوارٹرز میں دستخط کیے تھے۔

اس معاہدے کے تحت پاکستان کو یہ اختیار حاصل ہوجاتا ہے کہ وہ رکن ممالک سے پاکستانیوں کی جانب سے ان کے ملک میں کی جانے والی سرمایہ کاری اور جمع کی جانے والی دولت کے بارے میں معلومات حاصل کرسکے۔

وزیر اعظم عمران خان نے گزشتہ روز سینئر اینکرز کے ساتھ گفتگو میں کہا تھا کہ اُن کی حکومت نے چھبیس ممالک سے معاہدے کیے جو ماضی کی حکومتوں نے نہیں کیے۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر نے جیو نیوز کے پروگرام آج شاہزیب خانزادہ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ قطع نظر اس سے کہ معاہدہ کب ہوا، اس پر عمل درآمد پی ٹی آئی کی حکومت میں ہوا ہے۔