کراچی: موٹر سائیکل چوری کرنیوالے بچوں کا گروہ گرفتار

December 12, 2018

کراچی کے ضلع وسطی میں موٹر سائیکل چوری کرنے والے بچوں کے 6 رکنی گروہ کو سرسید پولیس نے گرفتار کر لیا ہے، ملزمان کے قبضے اور نشاندہی پر 9 موٹرسائیکلیں اور 2 پستول برآمد کیے گئے ہیں۔

ایس ایس پی سینٹرل عارف اسلم راؤ کے مطابق ملزمان نے دوران تفتیش درجنوں وا رداتوں کا اعتراف کیا ہے۔

عارف اسلم راؤ کے مطابق 14 سے 18 سال کی عمر کے بچوں کا یہ گروہ موٹر سائیکل چوری کرنے میں ماہر ہے، ملزمان عامر حیدر، سلیم عرف کھاچھیا، خیراللہ، کامران، خان ولی اور شہزاد کراچی سینٹرل کے مختلف علاقوں کی گلیوں میں گھومتے اور لا وارث یا ہینڈل لاک کے بغیر موٹر سائیکل دیکھ کر اسے چوری کر لیتے تھے۔

ایس ایس پی کے مطابق گھومنے پھرنے کے دوران موٹر سائیکل کا پٹرول ختم ہو جانے پر اسے چھوڑ دیتے تھے۔ یہ بچے بعض گاڑیوں کے پرزے نکال کر اسے مارکیٹ میں فروخت کرکے خرچہ نکالتے تھے۔

عارف اسلم راؤ کے مطابق گرفتار ملزمان میں سے دو عامر اور سلیم کے قبضے سے 2 پستول بھی برآمد ہوئے، یہ دونوں ملزمان اس سے قبل بھی ایک تھانے کی حدود میں اسی طرح کی واردات میں گرفتار ہوئے تاہم کم عمر ہونے کی بنا پر ان کے خلاف مجرمانہ کارروائی کا مقدمہ درج نہیں کیا گیا اور تھانے سے چھوڑے جانے کے بعد ملزمان پھر اسی کام میں لگ گئے۔

پولیس کے مطابق ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، ملزمان نے درجنوں وارداتوںکا اعتراف کیا ہے، نشاندہی پر مزید مسروقہ گاڑیاں برآمد ہونے کی توقع ہے۔