جمعیت کے وفد کی ن لیگی رہنمائوںسے ملاقات،پی بی 26 پر حمایت کی درخواست

December 13, 2018

کوئٹہ (اسٹاف رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ ن بلوچستان کے جنرل سیکرٹری جمال شاہ کاکڑ سے بدھ کو جمعیت علماء اسلام کے صوبائی جنرل سیکرٹری و اسمبلی میں پارٹی کے پارلیمانی لیڈر ملک سکندر خان ایڈووکیٹ کی قیادت میں ایک وفد نے ملاقات کی ، اس موقع پر مسلم لیگ ن کے رہنما ڈپٹی میئر کوئٹہ یونس بلوچ ، سابق میئر رحیم کاکڑ ، نسیم الرحمٰن ملاخیل ، نسیم اللہ اچکزئی ، حاجی عبدالقیوم ملاخیل ، نثار شاہ ، جمعیت کے سید جانان آغا ، مولانا ولی محمد ترابی ، یحییٰ خان ناصر بھی موجود تھے ، وفد نے جمال شاہ کاکڑ سے حلقہ پی بی 26 کے ضمنی انتخابات میں جمعیت کے امیدوار کی حمایت کی درخواست کی ، جس پر جمال شاہ کاکڑ نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) جمہوری سیاسی جدوجہد پر یقین رکھتی ہے اور پارٹی میں تمام فیصلے باہمی مشاورت سے کئے جاتے ہیں جمعیت کے امیدوار کی حمایت سے متعلق کوئی بھی فیصلہ پارٹی کے صوبائی صدر اور دیگر سینئر رہنمائوں سے مشاورت کے بعد کیا جائے گا، ملاقات میں دونوں جماعتوں کے رہنماوں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ آئندہ بھی سیاسی رابطے جاری رہیں گے۔