کراچی میں سی این جی کل دوپہر تک کھل سکتی ہے

December 14, 2018

سی این جی ایسو سی ایشن نےکراچی میں سی این جی کل دوپہر تک کھلنے کا امکان ظاہر کردیا۔

سندھ میں گیس کے بحران کی وجہ سے گزشتہ 6 روز سے سی این جی اسٹیشنز بند ہیں جس سے ٹرانسپورٹرز کی غیرمعینہ مدت تک ہڑتال کے باعث سی این جی بسیں سڑکوں پر نہ ہونے کے برابر ہیں جب کہ گیس پریشر میں کمی سے گھریلو صارفین کو بھی پریشانی کا سامنا ہے۔

سی این جی ایسوسی ایشن کے رہنما غیاث پراچہ نے کہا ہےکہ کل کراچی میں سی این جی کھولنے کے صحیح وقت کا تعین گیس پریشر دیکھ کر کیا جائے گا۔

دوسری جانب ترجمان سوئی سدرن گیس کےمطابق گیس فیلڈز سے سپلائی بہتر ہوئی ہے اور دو دن تک گیس پریشر بہتر ہوجائے گا۔

گزشتہ روز وزیر اعظم عمران خان نے گیس بحران کا نوٹس لیتے ہوئےسوئی سدرن و ناردرن کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کو تحلیل کردیا تھا جب کہ دونوں کمپنیوں کےمینیجنگ ڈائریکٹرز کے خلاف تحقیقات بھی شروع کردی گئی ہیں۔