منڈی بہاء الدین: ہیکرز نے اے ٹی ایم سے شہری کو لوٹ لیا

December 15, 2018

پنجاب کے شہر منڈی بہاء الدین میں ہیکرز نے اے ٹی ایم کے ذریعے شہری کے اکاؤنٹ سے ڈھائی لاکھ روپے نکال لیے،متاثرہ شہری نے کارروائی کے لیے پولیس کو درخواست دے دی ہے۔

منڈی بہاء الدین کے علاقے گوڑھا محلہ کے رہائشی امجد حسین نے پولیس کو دی گئی درخواست میں بتایا ہے کہ انہیں موبائل پر میسیج ملا کہ ان کے اکاؤنٹ سے ڈھائی لاکھ روپے نکلوائے گئے ہیں ۔

انہوں نے بتایا کہ جب انہوں نے متعلقہ بینک کے اے ٹی ایم جا کر اپنا بیلنس چیک کیا تو اکاؤنٹ سے رقم غائب تھی، اس حوالے سے انہوں نے بینک انتظامیہ کو بھی آگاہ کر دیا ہے۔

بینک انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ریکارڈ کی چیکنگ پر ہیکنگ کا علم ہوا ہے، معاملہ فراڈ مینجمنٹ یونٹ کو بھجوا دیا گیا ہے۔