سہالہ گائوں میں دوقبضہ گروپوں میں فائرنگ ،2افراد جاں بحق،3زخمی

December 17, 2018

اسلام آباد(خصوصی نامہ نگار) تھانہ سہالہ کے علاقہ سہالہ گاؤں میں دو قبضہ گروپوں میں فائرنگ کے نتیجہ میں دو افراد جاں بحق اور تین زخمی ہوگئے۔ پولیس کے مطابق فریقین میں ہفتہ اور اتوار کی پوری رات اور صبح گیارہ بجے تک مسلسل فائرنگ جاری رہی جس میں جدید اور خودکار اسلحہ استعمال ہوا۔ ثمر اقبال نامی ایک زخمی فرار ہوگیا۔ اسلام آباد کے دیہی علاقوں میں قبضہ گروپ کے کارندے سرعام اسلحہ کی نمائش اور فائرنگ کرکے علاقہ میں اپنی دہشت اور خوف وہراس پھیلاتے ہیں ۔جاں بحق ہونے والے شخص کا نام راجہ آصف عرف شیر پنجاب بتایا جاتا ہے ، دو زخمیوں سلیم اور عدیل کو ہسپتال منتقل کردیاگیا ۔علاقے کے لوگوں کے مطابق پولیس کی آشیرباد کے باعث قبضہ گروپوں کے خلاف موثر کارروائی نہ ہونے پر واقعہ ہوا۔پولیس نے موقع سے چھ افراد کو حراست میں لے لیا جن میں ابرار خان، مظہراقبال، عمر شہزاد، رضوان حفیظ، مرزا ایاز اور عبدالسلام مرزا شامل ہیں۔جاں بحق ہونے والے دوسرے شخص کا نام سلیم خالد سکنہ داخلی ہتھیال بتایا جاتا ہے۔ پولیس کو معلوم ہوا ہے کہ شیر پنجاب گروپ سے جج زاہد،مطیع زاہد، چوہدری خرم، چوہدری فراز، احمد موٹا اور اقبال شامل تھے جبکہ دوسرے گروپ سے چوہدری اظہر علی ،ثمر اقبال، عبدالوحید، عمران خان ، رافع قدیر، عبدالجبار، جمیل احمد ، محمود علی اور عدیل شامل تھے۔