ایم کیو ایم کے بند دفتر میں لگنے والی آگ پر قابو پالیا گیا

January 01, 2019

کراچی کے علاقے عزیز آباد میں خورشید بیگم میموریل ہال کے قریب واقع ایم کیو ایم کے بند دفتر میں لگنے والی آگ پر قابو پالیا گیا ہے۔

پولیس حکام کے مطابق آگ خورشید بیگم میموریل میڈیکل سینٹر کے ایڈمن آفس میں لگی، جو گزشتہ دو برس سے بند تھا۔

حکام کے مطابق بند سینٹر کا بجلی کا کنکشن بھی منقطع تھا،تاہم آگ لگنے کی وجوہات کا تاحال پتہ نہیں لگ سکا ہے، اس حوالے سے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔

حکام کے مطابق اسٹور میں موجود کتابیں، فائلیں، فرنیچر، زکوٰۃ اور فطرے کی رسیدیں آتشزدگی کی نذر ہوگئی ہیں۔

حکام کے مطابق آگ سے بچ جانے والی کتابیں، فائلیں اور دیگر دستاویز قبضے میں لی گئی ہیں۔

آگ کی اطلاع ملنے پر فائربریگیڈ کی گاڑیاں موقع پر پہنچیں اور ایک گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پالیا گیا، کولنگ کا عمل جاری ہے۔