جنوبی افریقا کی 205 رنز کی برتری، میچ پر گرفت مضبوط

January 04, 2019

کیپ ٹاؤن ٹیسٹ میں جنوبی افریقا کی گرفت مضبوط ہوگئی، دوسرے دن کے اختتام پر میزبان ٹیم نے 6 وکٹ پر 382 رنز بنالئے یوں اسے پاکستان پر 205 رنز کی برتری حاصل ہوگئی۔

پہلی اننگز میں اولیور،اسٹین کی بولنگ اور بیٹنگ میں کپتان فاف ڈوپلیسی کی شاندار سنچری کی بدولت میچ میں جنوبی افریقا کی پوزیشن بہتر ہوگئی ہے جبکہ پاکستان پر دوسرے ٹیسٹ میں بھی شکست کے بادل گہرے ہوگئے۔

کیپ ٹائون میں مارکرم،بووما کی ففٹی کے بعد کپتان ڈوپلیسی کی سنچری نے میچ تقریباً یکطرفہ بنادیا ہے،دوسرے دن جنوبی افریقی بیٹسمینوں پر قسمت بھی مہربان رہی، اظہر علی کا لیا کیچ ٹی وی امپائر نے مسترد کردیا تو ڈوپلیسی اور ڈی کوک آوٹ ہوتے ہوتے بچ گئے۔

جنوبی افریقا کی گزشتہ روز کی 123 رنز 2 آوٹ پر ہاشم آملہ اور تھیونس ڈی بریون نے دوسرے دن کے کھیل کا آغاز کیا،اس موقع پر محمد عباس نے ہاشم آملہ کو بولڈ کردیا۔

کپتان فاف ڈوپلیسی نئے آنے والے بیٹسمین تھے،جنوبی افریقا کی چوتھی وکٹ 149 کے اسکور پر گری،ڈی بریون 13 رنز کو شاہین شاہ آفریدی نے میدان سے واپسی کا راستہ دکھایا۔

پانچویں وکٹ پرجنوبی افریقی کپتان نے ٹیمباباووما کے ساتھ 156 رنز کی شراکت قائم کی اور میچ پر گرفت مضبوط کرلی،305 پر باووما 75 رنز بناکر شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر سرفراز احمد کو کیچ تھما بیٹھے۔

اس کے بعد چھٹی وکٹ پر فاف ڈوپلیسی نے ڈی کوک کے ہمراہ 51 رنز کی شراکت قائم کی،اس دوران جنوبی افریقی کپتان نے اپنی سنچری مکمل کی،وہ 103رنز بناکر شاہین شاہ آفریدی کا تیسرا شکار بنے،ان کا کیچ بھی سرفراز احمد نے لیا۔

دن کے اختتام پر ڈی کوک 55 اور فلینڈر6 رنز پر کھیل رہے ہیں جبکہ جنوبی افریقا کو پاکستان کے پہلی اننگز کے اسکور 177 رنز پر 205 رنز کی برتری حاصل ہوگئی ہے۔

دوسرے دن پاکستانی بولنگ لائن صرف 4 وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہی جن میں سے 3 شاہین شاہ آفریدی اور ایک محمد عباس نے لی، کوئی اور بولر خاطر خواہ پرفارمنس دینے میں ناکام رہا۔

اس سے قبل ٹیسٹ میچ کے پہلے دن جنوبی افریقا نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے کھیلنے کی دعوت دی تو پاکستانی اننگز کا آغاز اچھا نہ تھا، پاکستان کی جانب سے شان مسعود اور سرفراز احمد کے علاوہ کوئی بھی بلے باز جنوبی افریقی بالروں کا پر اعتماد انداز میں سامنا نہ کر سکا۔

جنوبی افریقا کی جانب سے اولیور نے4، اسٹین نے 3، ربادہ نے 2 اور فلینڈر نے ایک وکٹ حاصل کی۔

سینچورین میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں 6 وکٹوں سے شکست کے بعد پاکستان حسن علی کو ڈراپ کر کے فاسٹ بولر محمد عباس کو واپس لایا ہے، جنوبی افریقا نے بھی اسپنرکیشیو مہاراج کو ڈراپ کر کے کیپ ٹاؤن کے شہری ورنون فلینڈرز کو ٹیم میں شامل کیا ہے۔