بھارتی سائنسدانوں اور سیاستدانوں کے مضحکہ خیز سائنسی دعوے

January 06, 2019

کراچی (رفیق مانگٹ) بھارتی سیاستدانوں کے بعد اب سائنسدانوں اور یونیورسٹی پروفیسروں نے بھی سائنس کے متعلق مضحکہ خیز دعوے کردیئے۔ انہوں نے متعدد سائنسی ایجادات اور نظریات ہندو دھرم کے قدیم کرداروں سے جوڑ دیئے کہ اصل میں وہ خالق ہیں،آئن اسٹائن اور نیوٹن کے نظریات کو غلط قرار دیتے ہوئے جدید فزکس کے تباہ ہونے کی خبر سنادی۔ ثقلی لہروں کا نیا نام ’نریندرا مودی لہریں‘‘ ہوگا، اور لینزنگ ایفیکٹ کا نام ’ہرش وردھان ایفیکٹ‘ ہوگا۔ رام اور کرشنا گائیڈڈ میزائل استعمال کیا کرتے تھے، بادشاہ کورو کی اولاد ’کورواس‘ اسٹیم سیل اور ٹیسٹ ٹیوب ٹیکنالوجی کی وجہ سے پیدا ہوئی، ہندو دھرم کے ایک اواتار ’’ دشواترا‘‘ ڈارون تھیوری سے پہلے موجود تھے، راون کے پاس مختلف شکلوں اور جسامت کے کئی جہاز تھے، یہ دعوے جالندھر میں ہونے والی 106ویں سائنس کانگریس کے موقع پر بھارت کے نامور سائنسدانوں نے کئے۔ جس پر سوشل میڈیا پر آڑے ہاتھو ں لیا جارہا ہے کہ یہ سائنس کانفرنس ہے یا کامیڈی شو۔ حالیہ ایک فہرست کے مطابق دنیا کے چوٹی کے چار ہزار سائنسدانوں میں بھارت کے صرف دس سائنسدانوںکا ذکر ہے۔ تامل سے تعلق رکھنے والے سائنسدان کنان جیگاتھلا کرشنان نے عالمی سطح پر مستند اور مصدقہ فزکس نظریات کو جھٹلاتے ہوئے کہا کہ فزکس کی مساوات کو حل کرنے میں نیوٹن اور آئن اسٹائن نے بہت بڑی غلطیاں کیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ جدید فزکس صرف مختصر دور کے لئے ہے اور یہ مکمل طور پر تباہ ہوجائے گی ان کے مشاہدات پر مبنی نئی فکر سامنے آئے گی، دعویٰ کرنے والے تامل ناڈو کے الیار میں ’’ورلڈ کمیونٹی سروس سینٹ‘ کے سینئر ریسرچ سائنسدان ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ آئن اسٹائن نے اپنی تھیوری کے متعلق دنیا کو گمراہ کیا، انہوں نے کہا کہ خلا سور ج سمیت دیگرسب سیاروں پر بھاری ہے ،اس لئے وہ تمام پر یکساں دباؤ رکھتی ہے، یکساں دباؤ کی وجہ سے یہ سیارے حرکت میں ہیں، یہی چیز نیوٹن اور آئن اسٹائن سمجھ نہیں پائے، انہوں نے یہ بھی دعویٰ کردیا کہ سائنس اور ٹیکنالوجی کے وزیر ہرش وردھان بھارت کے سائنسدان عبدالکلام سے بھی بڑے ہوںگے۔ کانفرنس میں اندھرا یونیورسٹی کے وائس چانسلر جی ناگیشور راؤ نے دعویٰ کیاکہ بادشاہ کورو کی اولاد’ کورواس‘ اسٹیم سیل اور ٹیسٹ ٹیوب ٹیکنالوجی کی وجہ سے پیدا ہوئی کیونکہ گاندھاری کے ہاں سو بچے پیدا ہوئے جو ایک عورت کی زندگی میںممکن نہیں اور یوںبھارت کے پاس یہ ٹیکنالوجی ہزاروں سال قبل تھی۔ان کے دیوتا رام ’استراس‘ اور ’شاستراس ‘( ہتھیار) استعمال کیا کرتے تھے جو ہدف کا پیچھا کرکے اسے نشانہ بناتے تھے، جو جدید دور میں گائیڈڈ میزائل کہلاتے ہیں اور یوں رام اور کرشنا گائیڈڈ میزائل استعمال کیا کرتے تھے۔