’’ٹرمپ کی انتخابی مہم کا ڈیٹا روسی جاسوس کو دیا‘‘

January 09, 2019

ڈونلڈ ٹرمپ کی انتخابی مہم کے سابق انچارچ پال مینا فورٹ نے عدالت میں اعتراف کیا ہے کہ انہوں نے 2016ء میں صدارتی دوڑ کا پولنگ ڈیٹا روسی جاسوس کو فراہم کیا تھا ۔

پال مینافورٹ کا کہنا ہے کہ انتخابی مہم کی بے پناہ مصروفیت کی وجہ سے انہیں سب باتیں یاد نہیں رہی تھیں۔

واضح رہے کہ روسی مداخلت کی تحقیق کرنے والے خصوصی کونسل رابرٹ ملر نے الزام عائدکیا تھا کہ مینافورٹ نے مبینہ روسی جاسوس کِلمنک سے رابطوں کے بارے میں جھوٹ بولا ہے۔

مینا فورٹ کے بارے میں یہ خیال کیا جاتا ہے کہ انہوں نے یوکرین تنازع پر ری پبلکن پارٹی کا روس سے متعلق مؤقف نرم کرنے میں کردار ادا کیا تھا۔

69سالہ مینا فورٹ پہلے ہی ایک کیس میں قصور وار قرار پا چکے ہیں جبکہ مالی جرائم سے متعلق کیس میں بھی انہوں نے اعترافِ جرم کیا ہے، تاہم تعاون کی شرط پر مینافورٹ کی سزا مؤخرکی گئی ہے۔