سستےگھروں کی تعمیر، سندھ حکومت، ٹاسک فورس تشکیل دے، وفاقی حکومت

January 10, 2019

وفاقی حکومت نے سندھ حکومت کو یہ پیشکش کی ہے کہ وہ صوبے کے غریب افراد کے لیے کم لاگت کے گھروں کی تعمیر کے لیے خصوصی ٹاسک فورس تشکیل دے۔

وفاقی حکومت کا یہ پیغام چیئرمین وزیراعظم ٹاسک فورس برائے ہائوسنگ ضیغم رضوی نے آج وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کو وزیراعلیٰ ہائوس میں دیا۔ ملاقات میں صوبائی وزیربلدیات سعید غنی، سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف فردوس شمیم نقوی اور وزیر اعلیٰ سندھ کے مشیر مرتضیٰ وہاب نے بھی شرکت کی ۔

ضیغم رضوی نے وزیراعلیٰ سندھ کو بتایا کہ وزیراعظم چاہتے ہیں کہ سندھ حکومت ہائوسنگ پر ایک خصوصی ٹاسک فورس تشکیل دے اور کم لاگت کے گھر تعمیر کیے جائیں اور یہ اپنے ذرائع سے کیا جائے اور اسے صوبے کے غریب لوگوں کو آسان اقساط میں دیئے جائیں۔انہوں نے وزیراعلیٰ سندھ کو یہ بھی بتایا کہ وفاقی حکومت گھروں کی تعمیر میں صوبائی حکومت کے ساتھ زیادہ سے زیادہ تعاون کرے گی۔

انھوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کو اس بات پر کوئی اعترض نہیں ہے کہ صوبائی حکومت کم لاگت کےگھروں کی اسکیم کا جو آغاز کرے گی اسے کیا نام دےگی۔ضیغم رضوی نے کہا کہ وفاقی حکومت کا مفاد صرف یہ ہے کہ سندھ حکومت اپنے ذرائع سے اسکیم کا آغاز کرے۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ وہ کم لاگت کی ہائوسنگ اسکیم کا معاملہ کابینہ کے آئندہ اجلاس کے ایجنڈے میں رکھیں گے اور کابینہ میں اس پر غور کیا جائے گا اور اس کے بعد فیصلہ کیا جائے گا اور اس حوالے سے وفاقی حکومت کو آگاہ کردیاجائے گا۔