بادالونا آتشزدگی میں جاں بحق دو پاکستانیوں کی شناخت ہوگئی

January 11, 2019

بارسلونا(جواد چیمہ)پانچ جنوری کو بارسلونا کے نواحی ضلع بادالونا میںرہائشی عمارت میں آتشزدگی سے تین افراد ہلاک ہوئے تھے۔میڈیکل تحقیق کے بعدجاں بحق دو پاکستانی زاہد اللہ اور عبدالرزاق کی شناخت ہوگئی جس کا باقاعدہ اعلان قونصل جنرل علی عمران چوہدری نے مقامی صحافیوں کو پریس بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔ انہو ں نے کہا کہ زاہد اللہ جس کی عمر 50 سال ہےاور لالہ موسیٰ پاکستان سے تعلق ہے جب کہ عبدالرزاق عمر45سال کا تعلق سرگودھا پاکستان سے ہے۔ قونصل جنرل علی عمران چوہدری نے کہا کہ زاہد اللہ کی میت کو جلد پاکستان روانہ کر دیا جائے گا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ان دو میتوں کو حکومت پاکستان کے خرچ پر پاکستان بھیجا جائے گا۔قونصل جنرل نے کہا کہ عبدالرزاق کی شناخت ابھی نہیں ہوئی جوں ہی اس کی شناخت ہوئی اور اس کا تعلق پاکستان سے ہوا تومیت پاکستان بھیجنے کے انتظامات کر دیئے جائیں گے۔ قونصل جنرل نے کہا کہ پاکستان میں زاہد اللہ اور عبدالرزاق کے لواحقین سے میری بات ہوئی ہے۔ قونصل جنرل علی عمران چوہدری نے پریس بریفنگ میں بتایا کہ ایک تیسرا پاکستانی تنویر احمد بارسلونا کے مقامی ہسپتال میںزیر علاج ہے۔یاد رہے پانچ جنوری کو علی الصباح بارسلونا کے نواحی ضلع بادالونا کے محلہ سانت روک کی ایک رہائشی عمارت میں شارٹ سرکٹ کی وجہ سے آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے دس منزلہ عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ لوگوں نے عمارت کی کھڑکیوں سے چھلانگیں لگا کر اپنی جانیں بچائیںلیکن تین افراد آگ کی لپیٹ میں آکر اپنی جان کی بازی ہار گئے29افراد زخمی ہوئے جن میں 14افراد کو ہسپتال میں منتقل کیا گیا تھا۔