لاہور میں کریک ڈاؤن، 70 پتنگ باز گرفتار

January 14, 2019

پنجاب کے دارالخلافہ لاہور میں پتنگ بازوں کے خلاف کریک ڈاؤن کیا گیا ہے جس کے دوران 70 افراد کو گرفتار کر کے سینکڑوں پتنگیں اور چرخیاں برآمد کر لی گئیں۔

صوبائی وزیر اطلاعات فیاض چوہان نے بسنت منانے کا عندیہ کیا دیا لاہوریوں نے سمجھ لیا کہ پتنگ بازی پر سے پابندی ختم ہوگئی۔

نوانکوٹ، باغبان پورہ، شالیمار، ساندہ، اسلام پورہ، اقبال ٹاؤن، شاد باغ، رائیونڈ اور مصری شاہ میں پتنگ باز دن بھر پتنگیں اڑاتے رہے۔

پولیس کا کریک ڈاؤن اور پتنگ بازی ساتھ ساتھ جاری ہے، پولیس نے شام تک 50 سے زائد مقدمات درج کر کے 70 پتنگ بازوں کو گرفتار کیا۔

پولیس کی جانب سے بڑی تعداد میں پتنگیں اور ڈور برآمد کرنے کا دعویٰ سامنے آیا ہے۔

ڈی آئی جی آپریشنز وقاص نذیر کا دعویٰ ہے کہ کسی کو پتنگ بازی جیسے خطرناک کھیل کی اجازت نہیں دی جائے گی، تمام ایس ایچ اوز کو اپنے علاقوں میں ٹیمیں تشکیل دینے کا حکم بھی دیا گیا ہے۔

دوسری جانب عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ پتنگ بازی بالخصوص اتوار کو بھر پور پتنگ بازی پولیس کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔