سال نیا جب اُترا، سب کے آنگن میں…!!

January 20, 2019

آس کے دیپ جلے ہیں پھر سے نینن میں

سال نیا جب اُترا، سب کے آنگن میں

دیکھ رہے ہیں خواب کہ ایسا ہو جائے

رقص کریں بس، خوشیاں اب کے ساون میں

ہم سب مل کر راکھ اسی کو کر ڈالیں

جو چنگاری آگ لگائے گلشن میں

پت جھڑ اب کے آنکھ چُرا کر یوں گزرے

فصلِ گل آ جائے، سب کے جیون میں

فصلیں کھیتوں میں اُگلیں ایسے سونا

غربت بھی چھپ کر رہ جائے چلمن میں

گیت محبّت کے پھر گھر گھر میں گونجیں

اور گوری سنگھار کرے پھر دَرپن میں

ایسی خوشیاں، جن کے کچّے رنگ نہ ہوں

میرے مالک بھر دے سب کے دامن میں