نبی کریم ﷺکے طریقے پر چل کر ہی کامیابی ملے گی، مقررین

January 16, 2019

برمنگھم(نمائندہ جنگ) نبی کریمﷺ کی تعلیمات اور ان کے بتائے گئے طریقوں پر چل کر ہی دونوں جہانوںکی کامیابیاں حاصل کی جاسکتی ہیں، نوجوان نسل کو بزرگان دین کو اپنا رول ماڈل بنا کر اسلام کی تبلیغ کرنا ہوگی میلاد مصطفیٰﷺ کا مقصد سیرت مصطفیٰﷺ کو اپنا کر اپنے اندر مصطفوی خوبیاں ڈالنا ہے۔ ان خیالات کااظہار مقررین نے دربار عالیہ چوک صاحبان کے سجادہ نشین سید حامد حسین شاہ کی صدارت میںولایت سینٹر میںمنعقدہ محفل میلاد مصطفیٰﷺ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ الحاج محمد شریف مغل، قاری شبیر مغل، سید کبیر حسین شاہ، بوٹا شیدائی سمیت کثیر تعداد میں لوگوں نے محفل میں شرکت کی، مختلف ثنا خوانوں نے نذرانہ عقیدت بحضور سرور کونینﷺ پیش کیا۔ الحاج شریف مغل اور دیگر نے کہا کہ ایسی بابرکت محافل جہاں باعث برکت وثواب ہیں وہی کمیونٹی کے اندر اتحاد واتفاق پیدا کرنے میںمعاون ثابت ہوتی ہیں۔ نبی کریمﷺ کی ذات مبارک سے حقیقی عشق ومحبت کا تقاضا ہے کہ انسان اپنے اندر عشق مصطفی بسالے اور اپنی زندگیاں سیرت مصطفیٰ ﷺ کے مطابق ڈھال کر انسانیت کی فلاح وبہبود کے لئے کام کرے۔