جرمن ایئرپورٹ سیکورٹی اسٹاف کی ہڑتال شروع، 570 سے زائد پروازیں منسوخ

January 16, 2019

برلن (این این آئی)جرمنی کے آٹھ بڑے ایئرپورٹس پر تعینات سکیورٹی اسٹاف نے تنخواہوں میں اضافے کے لیے ہڑتال شروع کر دی ۔ اس ہڑتال کے باعث دو لاکھ سے زائد مسافروں کے متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق جرمنی کے سب سے بڑے اور مصروف ترین ایئرپورٹ فرینکفرٹ سمیت ملک کے آٹھ ایئرپورٹس پر سکیورٹی اسٹاف کی ہڑتال کے سبب مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ مسافروں اور سامان کی جانچ کرنے والے اسٹاف نے 18گھنٹے کی ہڑتال شروع کر دی ہے جس کی وجہ سے محض فرینکفرٹ ایئرپورٹ پر کْل 1200 میں سے 570سے زائدپروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔ صرف فرینکفرٹ ایئرپورٹ پر پانچ ہزار سے زائدسیکورٹی اسٹاف اس ہڑتال میں شامل ہے۔فرینکفرٹ کے علاوہ میونخ، ہینوور، بریمن، ڈریسڈن، لائپزگ اور ایرفْرٹ کے ایئرپورٹس کا سکیورٹی اسٹاف بھی ہڑتال میں شریک ہے۔فرینکفرٹ ایئرپورٹ کا انتظام چلانے والی کمپنی فراپورٹ کی طرف سے ٹوئیٹر پر جاری ایک پیغام میں کہا گیاکہ سیکورٹی اہلکاروں کی ہڑتال کے سبب فرینکفرٹ ایئرپورٹ پر 15جنوری کو پروازوں کے سلسلے میں بڑی رکاوٹ رہے گی۔ بورڈنگ کے علاقے میں داخلے کے مقام پر سکیورٹی اسٹاف کی عدم موجودگی رات آٹھ بجے تک جاری رہے گی اور اس دوران مسافر جہازوں تک نہیں پہنچ سکیں گے۔قبل ازیں جرمن ایئرپورٹ ایسوسی ایشن(اے ڈی وی )نے خبردار کیا اس ہڑتال کے سبب منگل کے روز قریب 220,000مسافر متاثر ہوئے جبکہ جرمن فلائٹ نیٹ ورک مفلوج ہو کر رہ گیا۔یہ ہڑتال مزدور یونینوں ڈی بی بی اور ویرڈی کی جانب سے کی گئی ہے جو سیکورٹی اسٹاف کے لیے تنخواہوں میں اضافے کا مطالبہ کر رہی ہیں۔ ان تنظیموں کا مطالبہ ہے کہ سکیورٹی اسٹاف کی فی گھنٹہ اجرت بڑھا کر 20 یورو فی گھنٹہ کی جائے۔جرمنی کی سب سے بڑی مزدور یونین ویرڈی کی بورڈ ممبر اوتے کِٹل کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق چونکہ آجرین نے بہتر پیشکش کرنے میں کوئی دلچسپی نہیں دکھائی، اس لیے علامتی ہڑتالوں کے سلسلے میں اضافہ ضروری ہے۔آجرین کی جانب سے تنخواہوں میں کم اضافے کی پیشکش کی جا چکی ہے جسے مزدور یونینوں نے تسلیم نہیں کیا۔ اس سلسلے میں یونینوں اور آجرین کے درمیان بات چیت کا سلسلہ دوبارہ 23 جنوری کو شروع ہونا ہے۔