کرپشن تلے دبی پی پی حکومت کسی وقت گر جائیگی ،عثمان ڈار

January 16, 2019

کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیو نیوز کے پروگرام ’آپس کی بات ‘میں میزبان منیب فاروق سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عثمان ڈار نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت اپنی کرپشن تلے دبی ہوئی ہے کسی بھی وقت خود گر جائے گی ،مسلم لیگ ن کے جاوید لطیف کا کہنا تھا کہ صوبوں کو ٹارگٹ کرنے سے وفاق سے فاصلے بڑھتے چلے جائیں گے،پیپلزپارٹی کی رہنما پلوشہ خان کا کہنا ہے کہ سندھ میں قیامت بھی آجائے تو کم سے کم کوئی ایم پی فواد چوہدری سے تو رابطہ نہیں کرے گا۔عثمان ڈار نے مزید کہا کہ فواد چوہدری سیاسی دورے پر گئے ہیں اُس کو اس طرح نہ کہیں کہ حکومت گرانے گئے ہیں اختر مینگل کے جو بھی جائز تحفظات ہیں انہیں سنا جائے گا اور اُس کو دور کیا جائے گا،مسلم لیگ نون کو پاک فوج فوبیہ ہوچکا ہے اگر ایک لمحے کے لئے مان بھی لیا جائے آرمی چیف کی وجہ سے پیسے آرہے ہیں تو وہ کوئی ہندوستان کے آرمی چیف نہیں ہیں پچھلے پانچ سالوں میں ان کے پاس حکومت تھی جب بھی آرمی چیف تھے تب ایسا کچھ کیوں نہیں ہوا۔