پشتونوں کے حقوق کیلئے اکابرین کا کردار تاریخی ہے،اے این پی

January 16, 2019

کوئٹہ ( پ ر) عوامی نیشنل پارٹی کے رہنماؤں نے خان عبدالغفار خان باچاخان کو ان کی 31ویں اور رہبر تحریک خان عبدالولی خان کو ان کی 13ویں برسی پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پارٹی کے مرکزی فیصلے کے مطابق صوبہ بھر میں دونوں شخصیات سے منسوب ہفتہ جوش و خروش سے منایا جائے گا، بیسویں صدی کے عالمی سیاسی منظرنامے کا تذکرہ فخر افغان باچاخان اور خان عبدالولی خان کے ذکر کے بغیر نامکمل ہے ۔ ان خیالات کااظہار اے این پی کے صوبائی نائب صدر اصغر علی ترین ، ڈپٹی سیکرٹری امیر علی آغا ،ارکان مرکزی کمیٹی عبیداللہ عابد ، عبدالباری آغا اور عبدالباری کاکڑ نے اپنے مشترکہ بیان کیا ۔ انہوں نے کہا کہ بیسویں صدی میں پشتونوں کو علم و ہنر کی جانب راغب کرنے اور پشتونوں کوا ن کے بنیادی انسانی ، جمہوری اور آئینی حقوق دلانے کے لئے عوامی نیشنل پارٹی کے اکابرین نے انتہائی شاندار اور تاریخی کردار ادا کیا ۔ پارٹی کے مرکزی فیصلے کی روشنی میں صوبائی سطح پر بھی باچاخان اور ولی خان سے منسوب ہفتہ جوش و خروش سے منایا جائے گا اور کوئٹہ سمیت تمام ضلعی ہیڈکوارٹرز میں تقاریب ، جلسے اور ریفرنسز کا اہتمام کیا جائے گا جس سے مرکزی صوبائی اور ضلعی رہنماءخطاب کریں گے انہوں نے کہا کہ باچاخان اور ان کے اکابرین کی مسلسل جدوجہد کی بدولت خطے کے عوام کو بنیادی حقوق میسر آئے اے این پی کے اکابرین نے نہ صرف پشتونوں بلکہ تمام قومیتوں اور اکائیوں کے حقوق کے لئے آواز بلند کی اور آج بھی اس حوالے سے پہلی صف میں موجود ہے ۔