علمائے کرام متحد ہوکر دین اسلام کا مثبت پیغام سب تک پہنچائیں،علامہ ربانی افغانی

January 17, 2019

لندن (مجتبیٰ علی شاہ)ادارہ فیضان اسلام لندن کے بانی علامہ ربانی افغانی نے برطانیہ بھر کے تمام علماء کو دعوت دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں متحد ہوکر اسلام کا مثبت پیغام تمام مذاہب کے لوگوں تک پہنچانا چاہئے اور ہمیں اپنے نوجوانوں کو ایسے کاموں کی طرف راغب کرنا ہے جس میں وہ دہشت گردی، انتہاپسندی اور فرقہ واریت سے دور رہ سکیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے فیضان اسلام مسجد لندن میں اخوت اور بھائی چارہ کانفرنس سے بحیثیت میزبان خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا ہے کہ ہمیںاپنے آپ کو بدلنا ہوگا اور اس کا آغاز آج سے کرنا ہے، ہمارے نوجوان منفی سرگرمیوں کی طرف بڑھ رہے ہیں۔ ہم نے اگر آگے بڑھ کر نوجوانوںکی رہنمائی نہ کی تومستقبل میں ہمیں مسائل کا سامنا کرنا پڑے گا۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پیرسلطان عارفین نے کہا کہ علماء کرام کو ایک چھت کے نیچے بیٹھا دیکھ کر دلی اطمینان ہوا۔ اسلام ہمیں اتحاد، اخوت اور پیار کا درس دیتا ہے جب تک ہم گروپ بندیوں کا شکار رہیں گے اور اپنے اپنے مفاد کے لئے کام کریں گے تو یقیناً ہم دین اسلام کے اصل مقصد سے دور رہیںگے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پیر حبیب اللہ شاہ کا کہنا تھا کہ ہمارے پیارے نبیﷺ نے ہمیںامن، اتحاد اور رواداری کا درس دیا، ہم اپنے اصل راستے سے دورہوتے جارہے ہیں ہمیں فکر اور عمل کرنے کی ضرورت ہے جس طرحعلامہ ربانی افغانی نے آگے بڑھ کر آج تمام علماء کو اکھٹا کیا اسی طرح ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ ہم مل کر اسلام کا اصل چہرہ دوسرے مذاہب تک پہنچائیں اور دہشت گردی اور انتہاپسندی کے خاتمہ کے لئے کام کریں۔ تقریب سے خطاب میںکمیونٹی رہنمائوںاور علماء کرام کا کہنا تھا کہ ادارہ فیضان اسلام میں انٹرفیتھ کانفرنسز کے انعقاد سے دوسرے مذاہب کی نظر میںاسلام کا بہت اچھا تاثر جاتا ہے اور علامہ ربانی افغانی کا یہ احسن اقدام ہے۔ ہم نے عہد کرنا ہے کہ ہم نے یورپ سمیت دنیا بھر میںپرامن معاشرے کے لئے کام کرنا ہے اور انتہاپسندی دہشت گردی کے خاتمے کے لئے آواز بلند کرتے رہیں گے جو ہمارے مذہب کا اہم اصول بھی ہے۔