جرمنی میں افغان نژاد شہری جاسوسی کے الزام میں گرفتار

January 17, 2019

برلن(آئی این پی) پولیس نے افغان نژاد جرمن شہری کو ایران کے لیے جاسوسی کے الزام میں گرفتار کرلیا، گرفتار شخص جرمن فوج میں بحیثیت مشیر تعینات تھا۔تفصیلات کے مطابق جرمن پولیس نے مغربی جرمنی میں کارروائی کرتے ہوئے ایران کے لیے جاسوسی کرنے کے الزام میں افغان نژاد جرمن شہری کو گرفتار کیا ہے۔پراسیکیوٹر کا کہنا ہے کہ افغان شخص جرمن فوج میں بحیثیت ماہر لسانیات اور مشیر برائے ثقافتی امور ذمہ داری انجام دے رہا تھا، پولیس کا خیال ہے کہ مذکورہ شخص ایران کو خفیہ معلومات فراہم کررہا ہے۔مقامی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ پولیس کو ملزم پر شک ہے کہ وہ گزشتہ کئی سال سے ایرانی خفیہ ایجنسی کے لئےجاسوسی کررہا ہے۔ افغاننژاد جرمن شہری فوج میں اہم عہدے پر تعیناتی کے باعث افغانستان میں جرمن فوجیوں کی تعیناتی سے متعلق کئی حساس معلومات تک رسائی تھی۔خیال رہے کہ یورپی یونین کی جانب سے ایران پر جاسوسی کے الزامات عائد کیے جانے بعداس پر پابندیاں لگا دی گئی تھیں۔