جمہوری حکومت میں میثاق جمہوریت لانے کی کیا ضرورت ،تجزیہ کار

January 17, 2019

کراچی (ٹی وی رپورٹ) اپوزیشن نے عوام کے لئے نئے میثاق جمہوریت کا تحفہ دینے کا اعلان کر دیا ہے یہاں سب سے اہم سوال یہ ہے کہ پرانا میثاق جمہوریت آمریت کے خلاف تھا جمہوری حکومت میں میثاق جمہوریت لانے کی کیا ضرورت ہے کہیں یہ میثاق اپوزیشن کے اپنے خلاف کیسز پر دباؤ بڑھانے کے لئے تو نہیں اور یہ بھی کہ کیا اس نئے میثاق جمہوریت سے تحریک انصاف کی حکومت کو کوئی خطرہ تو پیدا نہیں ہورہا ان خیالات کا اظہار میزبان منیب فاروق نے جیو نیوز کے پروگرام ’آپس کی بات‘ کے ابتدائیہ میں گفتگو کرتے ہوئےکیا۔ اُن کا مزید کہنا تھا کہ آصف زرداری دو ماہ قبل نواز شریف کو مخاطب کر کے کہہ رہے تھے کہ آپ سے اب بات نہیں ہوسکتی آپ سے جنگ ہی رہے گی شاید یہی وجہ ہے کہ حکومتی وزیر اس اتحاد کو تمام یوٹرن کی ماں قرار دے رہے ہیں۔پروگرام میں تحریک انصاف کی فردوس عاشق اعوان،مسلم لیگ نون کے رانا ثنا اللہ اور پیپلز پارٹی کے نبیل گبول شریک گفتگو رہے۔رانا ثنا ء اللہ نے کہا کہ حکومت نے مہنگائی کی حدیں پار کردیں،نبیل گبول نے کہاکہ ملک میں پہلے کب اُصول چلیں ہیں موجودہ حکومت بھی کون سے اُصولوں پر چل رہی ہے ،فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ اپوزیشن کا اکٹھا ہونا ایک فطری عمل ہے ۔رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ حکومت کے ایم کیو ایم کے حوالے سے کیا خیالات رہے ہیں اور اب کیا ہیں آپ نے یہ جو ساری تمہید باندھی ہے اس طرح کی باتیں تمام سیاسی پارٹیز کے حوالے سے کی جاسکتی ہیں ۔