دورِ جدید میں اپارٹمنٹس کا بدلتا تصور

January 20, 2019

اکیسویں صدی میں رہائش کا تصور بدل کر رہ گیا ہے۔ اب رہنے کے لیے اپارٹمنٹ کو محض چار دیواری نہیں سمجھا جاتا، جہاں صرف تحفظ کا احساس ہو بلکہ اس سے بڑھ کر سہولت، آسانی، بلند معیارِ زندگی اور طمانیت درکار ہوتی ہے۔ ان ہی وجوہات کے باعث ترقی یافتہ ملکوں میں اپارٹمنٹس اور کونڈوز میں اب وہ سہولیات دی جارہی ہیں، جن کا ماضی میں تصور بھی نہیںتھا۔ اس کی ایک مثال میامی میں تعمیر کیا جانے والا 60منزلہ ’پورش ڈیزائن ٹاور‘ ہے، جس میں ایسے ایلیویٹرز لگائے گئے ہیں، جس کے ذریعے وہاں کے رہائشی اپنی گاڑیوں کو اپنے فلور تک لے جاسکتے ہیں۔

ایک سروے کے مطابق، 2019ء کے دوران اگر امریکا کی تعمیراتی صنعت میں پروان چڑھنے والے رجحانات کی بات کی جائے تو بلڈرز اپنی عمارتوں میں انسانی آسودگی کے پہلوؤں پر کام کرتے نظر آئیںگے۔ ویسٹ ہالی ووڈ کےپراجیکٹس میں اس سال آؤٹ ڈور یوگا پلیٹ فارمز بنائے جارہے ہیں جبکہ مین ہٹن کے زیریں مشرق میں ایڈلٹ ٹری ہاؤس اور جنوبی فلوریڈا میں Tranquility گارڈنزتعمیر کیے جارہے ہیں۔

’لوگوں کی توجہ اب اپنے معیارِ زندگی کو مزید بلند کرنے پر مرکوز ہے۔ وہ اب ایسی چیزیں چاہتے ہیں جو ان کی مجموعی زندگی اور جسم کے لیے فائدہ مند ثابت ہوں، جیسے جمنازیم کی سہولیات‘،مین ہٹن میں بلڈر ڈیویلپر گروپ ’کلپر ایکویٹی‘ کے بانی David Bistricerمزید کہتے ہیں، ’اس اُبھرتے ہوئے رجحان کو Mind-Mental Healthکا نام دیا جاسکتا ہے، جہاں لوگ ان مصروفیات سے چھٹکارا حاصل کرنا چاہتے ہیں، جو ان پر غیرضروری دباؤ کا باعث اور توانائی کا ضیاع ہوتی ہیں‘۔

نارتھ کیرولائنا کے گریمرسی اسکوائر میں18ہزار مربع فٹ پر مشتمل ایک زیرِ زمین کلب تکمیل کے آخری مراحل میں ہے۔ اس کمیونٹی کلب کو ڈیزائن کرنے کے لیے اس کے بلڈرز نے integrative میڈیسن اینڈ فٹنس فرم La Palestraکے ساتھ اشتراک کیا ہے۔ یہ کمیونٹی کلب، گریمرسی اسکوائر کی چاروں رہائشی عمارتوںکو جوڑنے کا کام کرے گا، جس کا مقصد گریمرسی اسکوائر میں کمیونٹی کی سوچ کو فروغ دینا ہے۔ اس میںکمیونٹی لاؤنج اور ڈائننگ ایریاز کے ساتھ ساتھ پول اور جمنازیم بھی ہونگے۔ اس میں ایک یوگا روم بھی ہوگا، جسے مین ہٹن کے MNDFLمیڈیٹیشن سینٹر نے ڈیزائن کیا ہے اور وہی اس یوگا روم کے انتظامات اور روزانہ کے آپریشنز چلانے کا ذمہ دار ہوگا۔

لاس اینجلس میں1030کنگز، نئے تعمیر ہونے والے بوتیک کا نام ہے۔ اس منصوبے کی خاص بات اس میں شامل ایک آؤٹ ڈور یوگا ڈیک ہے۔ اس کے آؤٹ ڈو رٹیرس سے ہالی ووڈ کی پہاڑیوں کا نظارہ کیا جاسکے گا۔

طمانیت کے حصول کی طرف لوگوں کی بڑھتی توجہ کا مطلب یہ نہیں ہے کہ بلڈرز اپنے پراجیکٹس میں دیگر حیران کن فیچرز جیسے پرائیویٹ HDتھیٹرز اور شیف کچن کے ساتھ کمیونٹی ڈائننگ رومز پر سمجھوتہ کریںگے۔ ڈاؤن ٹاؤن لاس اینجلس میں نئے تعمیر ہونے والے Ten50ٹاور میں ڈرون کے اُترنے کے لیے روف ٹاپ پیڈ تک کی سہولت دی گئی ہے۔

جم لِنسلی امریکا کے معروف جی آئی ڈی ڈیویلپمنٹ گروپ کے صدر ہیں۔ وہ کہتے ہیںکہ بلڈرز کو اس بات کا دھیان رکھنا ہوگا کہ دورِ جدید میں لوگ ایک شہری ماحول کے درمیان موجود ایک فلک بوس عمارت میں کس طرح زندگی گزارنا چاہتے ہیں اور وہ کس طرح کی سہولیات کے متمنی ہیں۔ جم لِنسلی کے مڈ ٹاؤن مین ہٹن میں زیرِ تعمیر منصوبے کا نام ’واٹر لائن اسکوائر‘ ہے۔ منصوبےمیں 3ٹاور، ایک پبلک پارک اور زیرِ زمین ایک لاکھ مربع فٹ پر کمیونٹی سینٹر موجود ہے۔ منصوبے میں مجموعی طور پر ایک ہزار اپارٹمنٹس ہیں۔ ان اپارٹمنٹس کو ہر طرح کا ذوق رکھنے والے افراد کی ضروریات کے مطابق ڈیزائن کیا گیا ہے۔ اس میں Creative Suitesبھی تعمیر کیے گئے ہیں، جو ’اِ ن ڈور‘ باغبانی کرنے، میوزک ریکارڈنگ، ویڈیوز بنانے اور آرٹ تخلیق کرنے والوں کے لیے ہیں۔ کھیلوںمیں دلچسپی رکھنے والوں کے لیے Sporty Suitesتعمیر کیے گئے ہیں جن میں اِن ڈور فٹ بال فیلڈ، باسکٹ بال کورٹ، ٹینس کورٹ، 30فٹ راک کلائمبنگ وال اور ایک اسکیٹ بورڈ ہاف پائپ بنایا گیا ہے۔ ’ہمارا پراجیکٹ اتنا بڑا ہے کہ یہاںکئی اسپورٹس لیگ بنائی جاسکتی ہیں۔ ہر ہفتےیہاں فٹ بال سے لے کر باسکٹ بال کورٹ تک کئی گیمز منعقد ہوسکتی ہیں‘، جم لِنسلی کہتے ہیں۔

اس منصوبےکا آئیڈیا ایک بڑے شہر کے اندر ’مِنی سٹی‘ تعمیر کرنے کا ہے۔ ’بلاشبہ نیویارک ایک انتہائی خوبصورت شہر ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ لوگ گھروں سے باہر نکلیں اور فطری خوبصورتی سے لطف اندوز ہوں۔ تاہم جو لوگ گھروں کے اندر رہنا پسند کرتے ہیں، یہاںان کے لیے ہر سہولت گھر کے اندر ہی فراہم کردی گئی ہے‘۔

عمارتوں میں اکثر کمیونٹی اور پرسنل کیئر سہولیات بیسمنٹ فلور پر دی جاتی ہیں، تاہم نئی آنے والی لگژری عمارتوں میں ان سہولیات کو اوپر کے فلورز اور کچھ کیسز میں انھیں پینٹ ہاؤس فلورز پر منتقل کیا جارہا ہے۔ لیجنڈری کار سازامریکی کمپنی ایسٹن مارٹن، ڈاؤن ٹاؤن میامی میںAston Martin Residencesتعمیر کررہی ہے،یہ منصوبہ2022ء میں مکمل ہوگا۔ اس منصوبے میں کمیونٹی اور پرسنل کیئر کی تمام تر سہولیات عمارت کے آخری 2فلورز،52اور 53پر دی جائیںگی، جنھیں وہ Sky Amenitiesکا نام دیتے ہیں۔ کارساز کمپنی کا دعویٰ ہے کہ ان کی گاڑیوں کی طرح اس تعمیراتی منصوبے میں بھی ایسٹن مارٹن DNAکو محسوس کیا جاسکے گا۔