پاکستان میں85فیصد آبادی پانی اور تعلیم سے محروم ہے، زہرہ دین

January 18, 2019

مانچسٹر (غلام مصطفیٰ مغل) پاکستان معدنیات سے مالا مال ہے لیکن بدقسمتی سے بانی پاکستان قائداعظمؒ کی رحلت کے بعد مادر وطن پر ایک مخصوص ٹولے نے قبضہ جما لیا اور 85 فیصد سے زائد آبادی کو پانی اور تعلیم جیسی بنیادی سہولیات سے محروم رکھا کیونکہ تعلیم عام ہوگئی تو لوگوں میں شعور آجائے گا اور ان کی حکمرانی اور اجارہ داری کا سورج غروب ہوجائے گا۔ ان خیالات کا اظہار برطانیہ کی سماجی اور کمیونٹی شخصیت زہرہ دین نے اپنے بیان میں کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اپنی تنظیم اور دیگر خواتین ساتھیوں کے ساتھ مل کر پاکستان میں گورنر پنجاب چوہدری سرور کی اہلیہ پروین سرور کے ساتھ مل کر پینے کے صاف پانی کی سہولت کو ممکن بنانے کے لیے مختلف منصوبوں پر کام کریں گی تاکہ قدرت کی اس نعمت سے لوگ مستفید ہوسکیں اور گندا پانی پینے سے جو بیماریاں لاحق ہوتی ہیں ان سے بچا جاسکے۔ پاکستان میں ہیپاٹائٹس کے موذی مرض کی بنیادی وجہ پینے کے صاف پانی کی عدم دستیابی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی ترقی میں سب سے بڑی رکاوٹ تعلیم کا فقدان ہے۔ اسے عام ہونا چاہیے، قومیں تعلیم کے بغیر ترقی نہیں کرسکتیں، بدقسمتی سے طاقتور قوتوں نے ایسا نہیں ہونے دیا، جہاں اسکول ہے بچوں کے لیے پینے کا نہیں، باتھ روم نہیں، فرنیچر نہیں، وہ اپنے تمام تر وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے انتہائی پسماندہ علاقوں میں بسنے والے بچوں کی تعلیم کے لیے بین الاقوامی معیار کے اسکول بھی کھولیں گی، اس سلسلے میں برطانیہ میں بسنے والی پاکستانی کمیونٹی کے تعاون کی اشد ضرورت ہے۔