فوجی عدالتوں کی توسیع و قانون سازی ، حکومت سے مذاکرات کیلئے12رکنی کمیٹی پر اتفاق

January 18, 2019

اسلام آباد(خصوصی نامہ نگار)اپوزیشن نے فوجی عدالتوں کی توسیع سمیت پارلیمنٹ میں قانون سازی کے سلسلے میں حکومت سے بات چیت کے لئے مشاورت مکمل کرلی ہے۔پاکستان پیپلز پارٹی کے وفد سے ملاقات سے قبل اپوزیشن لیڈرشہباز شریف نےمسلم لیگ (ن)کی کور کمیٹی کے ارکان سے مشاورت کی۔فوجی عدالتوں کی توسیع و قانون سازی ، حکومت سے مذاکرات کیلئے12رکنی کمیٹی پر اتفاق کیا گیا،5 ارکان (ن) لیگ، 4 پیپلز پارٹی، دو ایم ایم اے ، ایک اے این پی سے ہوگا،ناموں کا اعلان پارٹی قائدین کریں گے،مشاورتی اجلاس میں سابق سپیکرسردار ایازصادق، سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی،رانا ثناء اللہ،رانا تنویر،احسن اقبال،خواجہ آصف،خواجہ سعد رفیق، سینیٹر ڈاکٹر آصف کرمانی، سینیٹرپرویز رشیدنے شرکت کی۔ اجلاس میں طے پایا کہ قومی اسمبلی اور سینٹ میں کسی بھی قانون سازی کے سلسلے میں اپوزیشن اجلاس میں طے کی گئی حکمت عملی کے مطابق چلا جائے گا، بعد میں سید خورشیدشاہ، شیری رحمن اور نوید قمر پر مشتمل وفد نے اپوزیشن لیڈر سے ملاقات کی ۔ اس ملاقات میں شاہد خاقان عباسی، رانا ثناءاللہ اور سردار ایاز صادق بھی شریک تھے۔دونوں طرف سے اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ پارلیمنٹ میں قانون سازی کے حوالے سے یہی مجوزہ کمیٹی حکومت سے مذاکرات کرے گی۔بحیثیت اپوزیشن لیڈر کوئی بھی گروپ شہباز شریف سے ملاقات کرسکتا ہے، کسی سیاسی جماعت کو اس پر اعتراض نہیں ہونا چاہیے۔