ڈی پی او ساہیوال کی دھرناختم کرانیکی کوشش، ورثہ کا انکار

January 20, 2019

ساہیوال واقعے کےخلاف جی ٹی روڈ پررات ایک بجےسے دھرنا جاری ہے، ساہیوال کے ڈی پی او اور ڈپٹی کمشنر دھرنا ختم کرانے پہنچے لیکن مذاکرات کامیاب نہیں ہوسکے اور لواحقین نے دھرنا ختم کرنے سے انکار کردیا۔

ساہیوال واقعے کےخلاف جی ٹی روڈ پر رات ایک بجے سے ورثاء اور مظاہرین چاروں لاشوں کواپنے ساتھ رکھ کردھرنا دیئے ہوئے ہیں۔ صبح ہوتے ہی مظاہرین کی تعدادمیں مزید اضافہ ہوگیا جبکہ ورثاء کا کہنا ہے کہ جب تک انصاف نہیں ملتا دھرنا جاری رہے گا۔

ڈی پی اوساہیوال محمد علی ضیا اورڈپٹی کمشنر میاں زمان دھرنا ختم کرانے جی ٹی روڈ پہنچےاور انصاف کی فراہمی اورذمہ داران کو سخت سزادینے کی یقین دہانی بھی کرائی لیکن اس کے باوجود مذاکرات کامیاب نہ ہوسکے اور لواحقین نے دھرناختم کرنے سے انکار کردیا۔

جی ٹی روڈ پر موجود ورثاء اور مظاہرین کا کہنا ہے کہ ساہیوال واقعے میں سی ٹی ڈی کے ہاتھوں مرنے والے افرادپرایف آئی آر ختم کی جائے، معصوم لوگوں کا قتل کرنے والے اہلکاروں کیخلاف مقدمہ درج کیا جائےاور سخت سزا دی جائے۔

جی ٹی روڈ پر ویو ہوٹل کےقریب دھرنا جاری رہنے کے سبب ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہے،گاڑیوں کی لمبی قطاریں بھی لگ گئی ہیں اورمسافر شدید پریشان ہیں۔