پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما خورشید شاہ نے وزیر اعظم عمران خان سے گزشتہ روز ہونے والے ساہیوال واقعے پر قوم سے معافی مانگنے کا مطالبہ کر دیا۔
گزشتہ روز جی ٹی روڈ پر ساہیوال کے قریب سی ٹی ڈی کی مبینہ فائرنگ میں ایک 13 سالہ بچی اور خاتون سمیت 4 افراد جاں بحق ہو گئے تھے۔
رہنما پیپلز پارٹی خورشید شاہ نے سکھر میں صحافیوں سے گفت گو کے دوران ساہیوال واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ساہیوال واقعے میں حکومت کی بے حسی نظر آئی، اسے معاف نہیں کیا جائے گا ، خود کو بچانا ہے تو حکومت کے وزرا استعفا دیں ۔
انہوں نے کہا کہ کیا بچے بھی دہشت گرد ہوسکتے ہیں۔ وزیر اعظم عمران خان کو ساہیوال واقعے پر قوم سے معافی مانگنی چاہیے ۔
انہوں نے مزید کہا کہ ذمہ داران کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے تاکہ ایسا پھر نہ ہو ۔
فوجی عدالتوں سے متعلق خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ فوجی عدالتیں پہلے وقت کی ضرورت تھیں تاہم اب ملک میں مضبوط عدالتی نظام موجود ہے، موجودہ حالات میں فوجی عدالتوں کے قیام کی ضرورت نہیں.
پیپلز پارٹی کے رہنما کا کہنا تھا کہ ماضی میں دہشت گردی کے باعث پیپلز پارٹی نے فوجی عدالتوں کے قیام کو سپورٹ کیا، ملک میں امن بھی قائم ہوگیا ہے اور حکومت بھی طاقتور ہے جب کہ عدالتوں سے بھی بڑے بڑے فیصلے ہورہے ہیں۔