اسلام آباد ہائیکورٹ،سرکاری ٹی وی میں مستقل ایم ڈی کی تعیناتی کیلئے اقدامات کرنے کا حکم

January 22, 2019

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) اسلام آباد ہائی کورٹ نے حکومت کو سرکاری ٹی وی میں مستقل ایم ڈی کی تعیناتی کے لئے اقدامات کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر 7 مارچ تک سرکاری ٹی وی کا مستقل ایم ڈی تعینات نہ ہوا تو سیکرٹری انفارمیشن و براڈ کاسٹنگ خود عدالت میں پیش ہوں۔ سرکاری ٹیلی ویژن میں چیئرمین کو قائم مقام ایم ڈی کا اضافی چارج دینے کے خلاف درخواست کی سماعت گزشتہ روز عدالت عالیہ کے جسٹس محسن اختر کیانی نے کی۔ اس موقع پر درخواست گزار ملک شبیر احمد کی طرف سے حافظ عرفات ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے اور موقف اختیار کیا کہ سرکاری ٹی وی میں چیئرمین ارشد خان کو قائم مقام ایم ڈی کا چارج دے دیا گیا ہے جبکہ قائم مقام ایم ڈی اہم فیصلے کرنے کا مجاز نہیں ہے وہ صرف روزمرہ امور دیکھ سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عطاءالحق قاسمی کے کیس میں سپریم کورٹ نے مستقل ایم ڈی کی تعیناتی کا حکم دیا جس پر ابھی تک عملدرآمد نہیں ہوا۔