ساہیوال میں خاندان کا بیدردی سے قتل قابل مذمت ہے، شیخ سربلند

January 22, 2019

لندن (جنگ نیوز) سماجی شخصیت شیخ سربلند نے کہا ہے کہ ساہیوال میں انسداد دہشت گردی یونٹ سے تعلق رکھنے والی پولیس فورس کی جانب سے کار میں جانے والے افراد کو جن میں خواتین بھی شامل تھیں جس بیدردی کے ساتھ گولیاں برساکر قتل کیا گیا اس واقعہ کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کوئی مجرم بھی کار میں جارہا تھا تو اسے اس طرح سے ہلاک کردینا کہاں کا انصاف ہے جب کہ اس کی جانب سے فائرنگ بھی نہیں ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس والوں نے یہ احسان کیا کہ کار میں سوار بچوں کو نکال لیا ورنہ تو وہ بھی مارے جاتے۔ شیخ سربلند نے کہا کہ واردات کے بعد پولیس نے اپنی کارروائی کو درست قرار دینے کے لیے کئی موقف بدلے ہیں لیکن توقع ہے کہ جے آئی ٹی کی رپورٹ میں سچ سامنے آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس واقعہ کے بعد مرنے والوں کے لواحقین ہی نہیں بلکہ تمام پاکستانی غمزدہ ہیں اور مطالبہ کررہے ہیں کہ اس کیس میں انصاف فراہم کیا جائے۔