جعلی اکاؤنٹس کیس، نیب کا مشترکہ تحقیقاتی ٹیم بنانے کا فیصلہ

January 22, 2019

قومی احتساب بیورو (نیب) نے جعلی اکاؤنٹس کیس کی تحقیقات کے لیے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔

جعلی اکاؤنٹس کیس سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے کا جائزہ لیا گیا،

نیب کے اعلامیے کے مطابق قومی احتساب بیورو کے چیئرمین جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کی زیر صدارت نیب ہیڈ کوارٹرز میں اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اجلاس میں نیب کی جانب سے جعلی اکاؤنٹس کیس کی تحقیقات کے لیے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔

اعلامیے کے مطابق چیئرمین نیب جعلی اکاؤنٹس کیس کی تحقیقات کی براہ راست نگرانی کریں گے، جبکہ مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کی سربراہی عرفان نعیم منگی کریں گے۔

اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ مشترکہ تحقیقاتی ٹیم نے قانون کے مطابق اپنا کام شروع کر دیا ہے، یہ ٹیم سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں قانون اور ٹھوس شواہد کی بنیاد پر تحقیقات کرے گی۔

نیب نے اپنے اعلامیے میں یہ بھی کہا ہے کہ نیب مکمل شفافیت اور میرٹ پر منطقی انجام تک پہنچانے پر یقین رکھتا ہے، میڈیا جعلی اکاؤنٹس کیس سے متعلق قیاس آرائیوں سے گریز کرے۔