وزیراعلیٰ نے واسا کی 770ملین بیل آئوٹ پیکیج کی سمری مسترد کردی

January 23, 2019

راولپنڈی ( اپنے نامہ نگار سے ) وزیراعلٰی پنجاب نے واسا راولپنڈی کی 770ملین روپے کے بیل آئوٹ پیکیج کی سمری مسترد کر دی ، جس پر واسا حکام نے ادارے کو سنگین مالی بحران سے نکالنے کیلئے شہرے کے تقریباً ساڑھے چار سو پلازوں کی ہر دکان کا پانی کا بل بھجوانے کیلئے کام شروع کر دیا ہے ، پانچ مرلے کے گھروں کے ہر فلور کا الگ بل بھجوانے کیلئے بھی لائحہ عمل طے کیا جا رہا ہے تاکہ ادارے کو مکمل طور پر بیٹھنے سے بچایا جاسکے ، چیئرمین آرڈی اے عارف عباسی نے سمری مسترد ہونے پر ادارے کو مالی بحران سے نکالنے کیلئے یہ تجویز دی ہے ۔انہوں نے واسا حکام کو اس تجویز کے تحت پانی کے بلوں کی مد میں حاصل ہونے والی کل رقم کے تخمینےکی ہدایت دی ہے ۔گزشتہ روز اجلاس میں یہ بات بھی زیر غور آئی کہ واپڈا کو بجلی کے بلوں کی فوری ادائیگی کیلئے جلد ہی لائحہ عمل بھی طے کیا جائے گا، گرمیوں میں شہریوں کو پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے ابھی سے نئی موٹریں خرید کر رکھنے کا بھی فیصلہ کیا گیاہے۔ چیئرمین آرڈی اے نے وزیراعلٰی پنجاب کی طرف سے سمری مسترد کئے جانے کی تصدیق کی ہے۔