بھٹو ازم پر عمل کرنا ہوگا، پاکستان تبدیلی کی آڑ میں معاشی بحران کا شکار ہوگیا، پی پی رہنما

January 23, 2019

برمنگھم (ابرار مغل) وطن عزیز نام نہاد تبدیلی کی آڑ میں بدترین معاشی بحران اور مہنگائی کے خوفناک طوفان میں گر چکا ہے۔ سیاسی انتقامی کارروائیاں اور جانبدارانہ احتساب نے جمہوریت پر سوالیہ نشان چھوڑ رہا ہے۔ بلند و بانگ دعوے محض ایک فریب ثابت ہوئے ہیں۔ شہید جمہوریت ذوالفقار علی بھٹو نے پاکستان کو دنیا میں باوقار ملک بنانے اور ملکی معیشت کو مضبوط کرنے کا جامع پروگرام پیش کیا، لیکن بدقسمتی سے عالمی طاقتوں نے اپنے زرخرید ضمیر فروشوں کے ذریعے ان کو راستے سے ہٹا دیا۔ آج بھی پاکستان کے مسائل اور بدامنی اسی صورت ختم ہوسکتے ہیں کہ بھٹو ازم پر عمل کیا جائے۔ بھٹو خاندان نے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرکے وطن عزیز سے محبت اور عقیدت کو نبھایا۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما اور سابق صوبائی رکن اسمبلی محمد زمین خان اور پی پی پی برطانیہ کے سابق مرکزی صدر سید حسن بخاری نے پی پی پی ورکرز ایکشن کمیٹی برمنگھم، مڈلینڈ کے زیراہتمام استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ورکرز ایکشن کمیٹی برمنگھم کے کنوینر الحاج راجہ گلتاسب خان کی صدارت اور کنوینر مڈ لینڈ حاجی چوہدری بشیر آرائیں کی نظامت میں منعقدہ اس تقریب میں سابق مشیر و بزرگ رہنماء پی پی پی برطانیہ چوہدری منظور حسین، سید صغیر حسین شاہ کاظمی، راجہ محمد اشفاق خان، چوہدری محمد حنیف، مرکزی رہنما و سابق صدارتی امیدوار خواجہ ذوالفقار احمد، چوہدری محمد گلفام سمیت مختلف پارٹی رہنمائوں اور کارکنوں نے شرکت کی۔ محمد زمین خان نے کہا کہ بھٹو خاندان نے صحیح معنوں میں پاکستان کی مٹی سے وفا نبھائی۔ باپ کے بعد بیٹی نے اس وطن اور عوام کے لئے اپنی جان قربان کردی۔ جمہوریت کے استحکام اور فروغ کے لئے پی پی پی نے ہمیشہ بنیادی اور کلیدی کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج تبدیلی کے نام پر عوام سے بدترین دھوکہ ہورہا ہے۔ بڑی جماعتوں کے قائدین کے خلاف انتقامی کارروائیاں کی جارہی ہیں۔ سید حسن بخاری نے کہا کہ شہید جمہوریت ذوالفقار علی بھٹو عظیم وژن لے کر پاکستان کے مقدر کو بدلنا چاہتے تھے۔ عوام کا معیار زندگی بلند کرنے کے لئے سماجی پروگرام پیش کیا اور انہوں نے ہی ایٹمی پلان کی بنیاد رکھی، لیکن مقام افسوس ہے کہ اس عظیم لیڈر کے ساتھ کیا سلوک کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت ناکام ہوچکی ہے۔ بلند و بانگ دعوئوں کے برعکس آج جہاں ہر طرف مہنگائی اور بدامنی کا دور دورہ ہے وہیں پر ساہیوال جیسے واقعات بھی حکومتی کارکردگی کی کلئی کھول رہے ہیں۔ صدر محفل الحاج راجہ محمد گلتاسب خان نے کہا کہ برطانیہ میں پی پی پی کی قیادت غلط ہاتھوں میں چلے جانے سے بھٹو وژن کو نقصان پہنچ رہا ہے۔ پی پی پی سے عقیدت و محبت بھٹو ازم کی تکمیل سے ہی مکمل ہوگی۔ حاجی بشیر آرائیں اور دیگر نے کہا کہ برطانیہ میں اپنے حقوق اور مطالبات کے حصول کے لئے ورکرز ایکشن کمیٹی تشکیل دے رکھی ہے۔ نااہلی اور کرپٹ عناصر کو مسلط کرنے سے نظریاتی کارکنوں اور جیالوں کی حوصلہ شکنی ہوئی ہے۔ مرکزی قیادت برطانیہ میں انٹرا پارٹی الیکشن کروائے۔ راجہ گلتاسب خان نے شرکاء اور مہمانوں کا شکریہ ادا کیا، جبکہ اس موقع پر شہید جمہوریت ذوالفقار علی بھٹو کی سالگرہ کی مناسبت سے کیک بھی کاٹا گیا۔ جبکہ ساہیوال کے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا گیا کہ ملوث پولیس اہلکاروں کے خلاف کارروائی کرکے ایسے واقعات کے سدباب کو یقینی بنایا جائے۔