امریکا اپنا دفاعی نظام اور لڑاکا ڈرونز تباہ کرے، روس

February 08, 2019

روس نے جوہری ہتھیاروں کے معاہدے پر عمل درآمد کے لیے شرائط پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا رومانیہ میں نصب اپنا دفاعی نظام اور لڑاکا ڈرونز تباہ کردے۔

غیرملکی خبرایجنسی کے مطابق روسی وزارت دفاع نے کہا ہے کہ امریکا ایم کے 41 میزائل ڈیفنس سسٹم اور لڑاکا ڈرونز تباہ کردے تو روس جوہری ہتھیاروں کے معاہدے پر عمل درآمد کرے گا۔

روسی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ ماسکو میں امریکی سفارت خانے کے ملٹری اتاشی کو طلب کرکے روسی شرائط سے آگاہ کردیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ آئی این ایف معاہدے سے امریکا کی دستبرداری کے اعلان پر روس نے بھی معاہدے پر عمل درآمد معطل کردیا تھا۔