سوشلسٹ رہنما احمد نظامی جلیانوالہ باغ تقریبات مانچسٹر کے کنوینر منتخب

February 13, 2019

مانچسٹر(پ ر) سوشلسٹ رہنما احمد نظامی جلیانوالہ باغ تقریبات مانچسٹر ریجن کے کنوینر منتخب، عوامی شعور بیدار کرنے کے لئے تقریب16 مارچ کو مانچسٹر میں ہوگی۔ جلیانوالہ باغ کی سوسالہ تقریبات کے سلسلے کا اجلاس مانچسٹر سٹی اکیڈمی میںمنعقد ہوا جس کی صدارت سوشلسٹ رہنما اور عوامی ورکرز پارٹی نارتھ برطانیہ کے سینئر نائب صدر احمد نظامی نے کی۔ اجلاس میں جلیانوالہ باغ کی سوسالہ تقریبات کی مرکزی آرگنائزنگ کمیٹی کی جانب سے پروفیسر فتح نے شرکت کی اور واقعہ کی تفصیلات اور برطانیہ بھر میںجار ی مہم پر روشنی ڈالی، اجلاس سے محبوب الٰہی بٹ، نصراللہ خان مغل، وقاص بٹ، گلزار خان، ایم ایم عالم، تارہ سنگھ، محمدعامر،شفیق الزمان، انعام سہری ،پرویز مسیح ، جگتارسنگھ، سہیل حیدر، محمد ضمیر بٹ، احمر رضوی، لیاقت علی عہد اور شاہین بٹ نے خطاب کیا۔ مقررین نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ جلیانوالہ باغ سامراجی درندگی کی بھیانک مثال اور برطانوی سامراج کے کلونیل دور پر سیاہ ترین دھبہ ہے۔ مقررین نے کہا کہ اس ساری مہم کامقصد عوامی شعور کو بیدار کرنا ہے کیونکہ جلیانوالہ باغ واقعات آج بھی ہورہے ہیں۔ سامراجی ممالک دیگر ممالک پر آج بھی چڑھائی کررہےہیں اور لاکھوںکی تعداد میںمعصوم شہری لقمہ اجل بن رہےہیں جب کہ ترقی پزیر ممالک میں وہ اپنے گماشوں کی حکومت بنا کر ہماری ہی حکومتوں سے اپنے ہی عوام پر مظالم کروائے جاتےہیں۔ مقررین نے جلیانوالہ باغ تقریبات کمیٹی کو برطانوی سامراج سے معافی منگوانے تک قائم رکھنے اور اس جدوجہد کو ثمر آور بنائے تک اپنی جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کااعادہ کیا۔ اجلاس میں 16مارچ کو مانچسٹر کی تقریب کے انتظامات کو آخری شکل دینے کے لئے کمیٹی تشکیل دی گئی جو ہال کی بکنگ کے علاوہ دیگر انتظامات کرکے آئندہ اجلاس میں رپورٹ پیش کرے گی۔ جلیانوالہ تقریبات میں برطانیہ کی مرکزی تقریبات13اپریل کو لندن میں ہوںگی جس میں شیڈو چانسلر جان میکڈنلڈ مہمان خصوصی ہوں گے۔ لیبر پارٹی کے لیڈر جیرمی کوربن نے وعدہ کیا ہے کہ لیبر حکومت آنے کی صورت میںبرطانوی حکومت کی جانب سے اس درد ناک واقعہ پر معافی مانگی جائے گی اور کلونیل ہسٹری کو تعلیمی نصاب میں شامل کرلیا جائے گا۔