سپریم کورٹ ، بحریہ ٹائون کے اسٹیٹ ایجنٹس کو مکمل ڈیٹا کیساتھ کل حاضر ہونے کا حکم

February 13, 2019

اسلام آباد( رپورٹ : رانا مسعود حسین ) عدالت عظمیٰ نے بحریہ ٹائون کے خلاف سپریم کورٹ کے چار مختلف مقدمات میں جاری کئے گئے فیصلوں پر عملدرآمد کروانےکے حوالے سے کیس کی سماعت کے دوران نیب کو عدالتی سماعت سے متاثر ہوئے بغیر ریفرنسز قائم کرنے کے حوالے سے اپنی کارروائی جاری رکھنے کی ہدایت کی ہے جبکہ بحریہ ٹائون اور اس کے مجاز اسٹیٹ ایجنٹس، پرزم ، ٹرائی اسٹار اور کوسموس ریلٹور کو آئندہ سماعت تک بحریہ ٹائون کے فروخت کئے گئے پلاٹوں کا مکمل ڈیٹا عدالت میں پیش کرنے کا حکم جاری کیا ہے ،جسٹس شیخ عظمت سعید کی سربراہی میں جسٹس فیصل عرب اور جسٹس منیب اختر پر مشتمل تین رکنی خصوصی بنچ نے منگل کے روز عملدرآمد کیس کی سماعت کی تو بحریہ ٹائون کے وکیل اظہر صدیق پیش ہوئے اور بیان کیا کہ کیس کے مرکزی وکیل علی ظفر آج پیش نہیں ہو سکے ہیں اس لئے دو دن کیلئے کیس ملتوی کیا جائے جس پر جسٹس شیخ عظمت سعید نے کہاکہ اس معاملہ کو بعد میں دیکھ لیتے ہیں،انہوںنے استفسار کیا کہ کیا عدالت کے سابق حکم کی روشنی میں بحریہ ٹائون کے مجازسٹیٹ ایجنٹس، پرزم ، ٹرائی اسٹار اور کوسموس ریلٹور کے سربراہان پیش ہوئے ہیں تو پرزم کے سربراہ مسعودالحسن علوی، ٹرائی اسٹارکے سربراہ عاطف خورانی اور کوسموس ریلٹور کے سربراہ محمد نادر روسٹرم پر آئے اوربیان کیا کہ ہم پلاٹوں کی بکنگ کرتے ہیں اور بحریہ ٹائون ان کی بیلٹنگ کرتی ہے ،انہوںنے عدالت کے استفسار پر بتایا کہ بیلٹنگ ہوچکی ہے جس پر عدالت نے بحریہ ٹائون اور تینوں سٹیٹ ایجنٹوں کو کہا کہ آپ روز اول سے کی جانے والی بکنگ اور بیلٹنگ کا مکمل ڈیٹا عدالت میں جمعرات کو پیش کریں۔ جسٹس شیخ عظمت سعید نے کہا آپ ملزم نہیں بلکہ آپ کو یہاں پر عدالت کی معاونت کیلئے بلایا گیا ہے ،اس ڈیٹا سے آپ کو کوئی مسئلہ نہیں ،اس کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کرکے ملزم نہ بن جانا ،بعد ازاں عدالت نے مذکورہ بالا احکامات کے ساتھ سماعت کل 14فروری تک ملتوی کردی ۔