سعودی ولی عہد کی پاکستان آمد باعث مسرت ہے، شہباز شریف

February 15, 2019

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف نے سعودی ولی عہد کے دورہ پاکستان کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور معزز سعودی مہمانوں کو پاکستان آمد پر تہہ دل سے خوش آمدید کہتے ہیں۔

قائد حزب اختلاف کا کہنا ہے کہ سعودی ولی عہد اور ان کے وفد کی پاکستان آمد خوش آئند اور باعث مسرت ہے، پورا پاکستان اپنے سعودی معزز بھائیوں کی آمد کا پرتپاک خیرمقدم کرتا ہے، خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیزالسعود پاکستان کے لیے خصوصی توجہ اور محبت کی سعودی روایت کو آگے بڑھا رہے ہیں۔

،، یہ معاشی پیکیج بہت فراخدلانہ ہے جو معاشی طور پر پاکستان کی فلاح و بہبود کے لیے بہت مددگار ہے جس کے طویل المدتی فوائد ہوں گے۔ پاکستان کے عوام یہ فراخدلی کبھی نہیں بھول سکتے۔

انہوں نے کہا کہ سعودی عرب پاکستان کا قابل اعتماد ، مشکل گھڑی میں کام آنے والا بڑا بھائی ہے، محمد نوازشریف نے جب پاکستان کی جوہری قوت کا اظہارکیا تو سعودی عرب پاکستان کے ساتھ کھڑا رہا، پاکستان پر پابندیاں لگائی گئیں تو سعودی قیادت اور عوام نے پاکستان کی فراخدلانہ سرپرستی اور اعانت کی ، پاکستان کے عوام مشکل حالات میں سعودی کردار کو کبھی فراموش نہیں کرسکتے۔

شہباز شریف کا کہنا ہے کہ پاکستان کو درپیش ہر چیلنج اور خوشی کے لمحات میں سعودی قیادت اور عوام شریک رہے، ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے سعودی عرب کی معاشی سمت تبدیل کردی ہے، تیل پر انحصار کی معیشت کو جدید اقتصادی وژن سے تبدیل کرکے انہوں نے اپنی قابلیت کا جوہر منوایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہزادہ محمد بن سلمان نے سعودی عرب میں اصلاحات کا عمل شروع کرکے ایک نئی روایت ڈالی ، پاکستان اور سعودی عرب میں معاشی شراکت داری باہمی اور امت مسلمہ کے مفاد میں ہے۔