اساتذہ کی 70ہزارخالی اسامیاں حکومت کیلئے لمحہ فکریہ ہے:پنجاب ٹیچرز یونین

February 16, 2019

ملتان ( سٹا ف رپو ر ٹر ) پنجاب ٹیچرز یونین کے سینئر نائب صدر پنجاب رانا الطاف حسین نے کہا ہے کہ وزیرتعلیم ڈاکٹر مراد راس کی پریس کانفرنس میں پی ٹی آئی منشور اور تعلیمی پالیسی پر سوالیہ نشان لگا دیا ہے ملک بھر میں ڈھائی کروڑ کے قریب بچے تعلیم سے محروم ہیں جن کو سکول لانے کے لئے کوئی ٹھوس اقدامات نہ کئے گئے بلکہ سابق حکومتی پالیسیوں اور اساتذہ دشمنی اقدامات کو جاری و ساری رکھنے پر زور دیا گیا ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے بات چیت میں کیا ،انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب کے 53ہزار سکولوں میں تقریباً70ہزار اساتذہ کی اسامیاں خالی ہیں اور دجنوں تعلیمی ادارے بغیر سربراہان کے چل رہے ہیں جو کہ موجودہ حکومت کے لئے لمحہ فکریہ ہے اس سلسلے میں موجودہ حکومت کو نہ صرف اساتذہ کی بھرتی کو یقینی بنانا چاہئے بلکہ تعلیم دوست پالیسیاں ترتیب دینا چاہیئں اور دانش سکولز اور لیپ ٹاپ سکیم کی کرپشن کو بے نقاب کرکے ذمہ داروں کو قرار واقعی سزا دی جائے بصورت دیگر پنجاب ٹیچرز یونین اپنا احتجاجی پروگرام مرتب کرنے پر مجبور ہو جائے گی جس کی ذمہ داری صوبائی وزیر تعلیم پر ہو گی ۔