سعودی ولی عہد صرف حکومت کے نہیں پوری قوم کے مہمان ہیں،لیاقت بلوچ

February 18, 2019

اسلام آ باد ( نیوز رپورٹر) جماعت اسلامی پاکستان اور ملی یکجہتی کونسل کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے اسلام آباد میں ضلعی لیڈر شپ تربیتی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کا تاریخی ، دینی محبت کا رشتہ ہے ۔ ولی عہد محمد بن سلمان صرف حکومت کے نہیں پوری قوم کے مہمان اور سب ہی اھلا و سہلا مرحبا کہہ رہے ہیں ۔ سعودی ولی عہد کے دورہ کو حکومت نے صرف حکومتی حد تک محدود کر کے ناسمجھداری اور ناتجربہ کاری کا ثبوت دیاہے ۔لیاقت بلوچ نے کہاکہ اپوزیشن لیڈر شہبازشریف کو عدلیہ سے ریلیف ملاہے ۔ اگر مقدمات میں استغاثہ کی کمزوری ہے تو اس کی ذمہ دار حکومت ہے ۔وزیراعظم اور وزراءتقریر اور زبان سے حکومت نہ چلائیں کرپشن مقدمات کی حکومتی ادارے پورے ثبوت اور قانون کے مطابق تیاری کریں ۔ انہوںنے کہاکہ اب عوام یہ جان چکے ہیں کہ حکمران سیاسی جماعتوں ، بیوروکریسی اور ریاستی اداروں میں کرپشن کو برقرار رکھنے کا گٹھ جوڑ ہے ۔ قرضوں ، سود اور کشکول پھیلانے کی لعنت کی ذمہ دار کرپشن ہے ۔ اس کی مکمل بیخ کنی ناگزیر ہے ۔